یوم آزادی اور معرکہ حق کے موقع پر صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی کا شہداء کو خراج عقیدت

جمعرات 14 اگست 2025 21:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر یومِ آزادی اور معرکۂ حق کی مناسبت سے صوبائی وزراء، مشیران، پارلیمانی سیکرٹریز اور اراکین اسمبلی نے وطنِ عزیز کی سلامتی اور عوام کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے اور شہداء کے لواحقین سے ملاقات کرکے ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے ، انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور ان کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، صوبائی وزیر مواصلات سلیم خان کھوسہ، پارلیمانی سیکرٹری برائے سماجی بہبود حاجی ولی محمد نورزئی اور قبائلی رہنما سردار زادہ ہارون خان جمالی نے اپنے اپنے حلقوں میں شہداء کے خاندانوں سے ملاقاتیں کیں اورشہداء کی یاد میں انہیں یادگاری تحائف پیش کیے اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی ،انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت شہداء کے ورثاء کی ہر ممکن دیکھ بھال اور فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی اور ان کی عزت و تکریم کو ہمیشہ مقدم رکھا جائے گا۔