اقوامِ متحدہ کا اسرائیل سے مغربی کنارے میں ای ون سیٹلمنٹ منصوبے کو فوری روکنے کا مطالبہ

جمعہ 15 اگست 2025 09:10

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) اقوامِ متحدہ کے سیکرٹر ی جنرل انتونیو گوتریش نےاسرائیلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ مغربی کنارے کے متنازع علاقےای ون میں یہودی بستیوں کی تعمیر کے منصوبے کو فوراً روک دیں۔ شنہوا کے مطابق اقوامِ متحدہ کےسیکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے صحافیوں کو جاری ایک نوٹ میں کہا کہ اقوام متحدہ کا مؤقف بالکل واضح ہے اور مغربی کنارے، بشمول مشرقی بیت المقدس میں اسرائیلی بستیاں اور ان سے منسلک نظام بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

نوٹ میں مزید کہا گیا کہ یہ اقدام نہ صرف قبضے کو مزید مضبوط کرتی ہیں بلکہ کشیدگی کو ہوا دیتی ہیں اور دو ریاستی حل کی بنیاد پر آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے امکانات کو منظم انداز میں کمزور کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق ای ون علاقے میں تعمیراتی سرگرمیوں سے مغربی کنارے کا شمالی اور جنوبی حصہ ایک دوسرے سے کٹ جائے گا، جس کے نتیجے میں فلسطینی ریاست کے قابلِ عمل اور مربوط قیام کی امیدیں شدید متاثر ہوں گی۔

واضح رہے ای ون علاقہ مشرقی بیت المقدس اور یہودی بستی معالیہ آدومیم کے درمیان واقع ہے اور اسے سب سے متنازع علاقہ تصور کیا جاتا ہے۔ اس علاقے میں تعمیرات سے مشرقی بیت المقد س کو شمالی مغربی کنارے سے کاٹنے کا خدشہ ہے۔ بین الاقوامی دباؤ کے باعث اس منصوبے کو کئی برسوں سے منجمد رکھا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :