صوبے میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام کو گھر بیٹھے سہولیات فراہم کرنے کا خواب حقیقت میں بدل رہا ہے،شفقت ایاز

جمعہ 15 اگست 2025 18:07

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سائنس، ٹیکنالوجی و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے عوام دوست ایجنڈے کے تحت صوبے میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام کو گھر بیٹھے سہولیات فراہم کرنے کا خواب تیزی سے حقیقت میں بدل رہا ہے،’’ڈیجیٹل خیبرپختونخوا‘‘منصوبہ اس سلسلے کی سب سے بڑی کامیابی ہے، اسی منصوبے کے تحت صوبے کے عوام اب ڈومیسائل سمیت متعدد سہولیات صرف ایک کلک پر حاصل کر سکتے ہیں۔

ڈاکٹر شفقت ایاز نے بتایا کہ صرف ایک دن، 13 اگست 2025 کو، آن لائن ڈومیسائل درخواستوں کی ریکارڈ تعداد موصول ہوئی، جو اس منصوبے کی عوامی مقبولیت اور افادیت کا واضح ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے کل 5,686 آن لائن درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 4,000 درخواستوں پر فوری طور پر ڈومیسائل جاری کیے گئے، جبکہ 418 درخواستیں مقررہ معیار پر پورا نہ اترنے کے باعث مسترد کر دی گئیں۔

معاونِ خصوصی نے مزید کہا کہ“ڈیجیٹل خیبرپختونخوا”صرف ڈومیسائل سروس تک محدود نہیں، بلکہ اس میں دیگر جدید ایپس اور پلیٹ فارمز بھی شامل ہیں۔ ان میں سرِفہرست“دستک”ایپ ہے، جو عوامی شکایات اور مسائل کے بروقت حل کیلئے مؤثر نظام فراہم کرتی ہے۔ اس کے علاوہ آن لائن فائل مینجمنٹ سسٹم، شہری سہولت مراکز کا ڈیجیٹل انضمام، اور نوجوانوں کیلئے آئی ٹی ہبز کے قیام جیسے منصوبے بھی تیزی سے جاری ہیں۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے زور دیا کہ خیبرپختونخوا دیگر صوبوں کے لیے ایک ماڈل کے طور پر اُبھَر رہا ہے۔ شفافیت، تیزرفتاری اور عوامی خدمت کو یقینی بناتے ہوئے، صوبائی حکومت ہر شہری کو ٹیکنالوجی کے ذریعے بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔