خیبرپختونخوا کے وزیر کھیل سید فخر جہان کا بونیر میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر اظہار افسوس

جمعہ 15 اگست 2025 18:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) خیبرپختونخوا کے وزیر کھیل، سیاحت و امور نوجوانان سید فخر جہان نے حالیہ شدید بارشوں اور طغیانی کے باعث ضلع بونیر میں ہونے والی تباہی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس قدرتی آفت میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے دعائے مغفرت جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ ایک المناک سانحہ ہے جس نے پورے صوبے کو غمزدہ کر دیا ہے،اس ناگہانی آفت پر ہمیں شدید رنج ہے اور حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے، ہم ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ سید فخر جہان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ ادارے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو و امدادی کارروائیوں میں مصروف عمل ہیں،ہماری اولین ترجیح لوگوں کی جانوں کو بچانا اور لاپتہ افراد کی تلاش و بازیابی ہے۔ وزیر کھیل نے اس موقع پر متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ امدادی کارروائیوں میں تیزی لائی جائے اور متاثرہ افراد کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔