وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا حالیہ شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے انسانی جانوں اور املاک کے نقصانات پر اظہار افسوس، فوری امدادی کارروائیوں کی ہدایات

جمعہ 15 اگست 2025 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے شمالی علاقہ جات میں حالیہ شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مختلف شاہراہوں کی بندش پر اعلیٰ حکام کو فوری ہدایات جاری کر دی ہیں کہ وفاقی سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کوئی لمحہ ضائع کئے بغیر خود موقع پر پہنچیں، امدادی سرگرمیاں تیز کی جائیں اور تمام وسائل بروئے کار لائے جا ئیں ۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور سینئر افسران کو ہدایت کی کہ پنجاب اور سندھ سے ورک فورس اور مشینری بھی استعمال میں لائیں، شدید ترین بارشوں سے روڈ نیٹ ورک کی تباہی ہوئی ہے اور روڈ انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مون سون کی تازہ لہر کے بعد حالات تشویشناک ہیں، این ایچ اے متاثرہ علاقوں میں اپنے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے لینڈ سلائیڈنگ ہٹانے اور سڑکوں کو ٹریفک کے لئے کھولنے کے اقدامات جلداز جلد مکمل کرے۔

وفاقی وزیر مواصلات نے شمالی علاقوں بالخصوص سکردو، جگلوٹ، بونیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں این ایچ اے ٹیموں کی فوری موجودگی اور متحرک طور پر کام کرنے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں سڑکیں بند ہوئی ہیں وہاں متبادل راستوں سے ٹریفک کی روانی بحال کرنے کی کوشش کی جائے اورگلگت بلتستان میں بحالی کے اقدامات کے حوالے سے جلد از جلد رپورٹ پیش کی جائے۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے بونیر میں شدید بارشوں کے باعث جاں بحق افراد کے خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ان کی مغفرت کی دعا کی۔ انہوں نے کے پی کے حکومت کے ہیلی کاپٹر کے کریش ہونے اور قیمتی جانوں کے ضیاع پربھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں مسافروں اور شہریوں کی ہر ممکن مدد کی جائے اور شہریوں کو صورتحال سے بروقت آگاہ رکھا جائے جبکہ امدادی سرگرمیوں کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ این ایچ اے ٹریفک کی بحالی اور عوام کے تحفظ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کارروائیاں جاری رکھے تاکہ عوام کو بلاتعطل سفری سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے۔