سعودی شپنگ کمپنی بحری کا اسرائیل کو سامان کی ترسیل کے الزامات کی سختی سے تردید

ہفتہ 16 اگست 2025 01:40

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) سعودی عرب کی نیشنل شپنگ کمپنی بحری نے میڈیا اور سوشل میڈیا پر پھیلنے والی ان خبروں کو یکسر مسترد کر دیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس نے اسرائیل کے لیے سامان بھیجا ہے۔ کمپنی نے ان الزامات کو مکمل طور پر جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیا۔"بحری" نے جمعہ کو جاری اپنے بیان میں واضح کیا کہ وہ فلسطینی کاز کے حوالے سے مملکتِ سعودی عرب کی دیرینہ پالیسیوں کی مکمل پابندی کرتی ہے اور بحری ترسیل کے متعلق تمام مقامی و بین الاقوامی قوانین کی سختی سے پاسداری کرتی ہے۔

(جاری ہے)

کمپنی کے مطابق "بحری نے نہ کبھی اسرائیل کو کسی بھی شکل میں سامان بھیجا ہے اور نہ آئندہ بھیجے گی۔ ہماری تمام کارروائیاں سخت نگرانی اور جامع آڈٹ کے عمل سے گزرتی ہیں تاکہ قوانین کی مکمل تعمیل یقینی بنائی جا سکے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ کمپنی اپنی شہرت کو نقصان پہنچانے یا پالیسیوں کو کمزور کرنے کے لیے پھیلائی جانے والی "شرانگیز افواہوں" کے خلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔"بحری" نے میڈیا اداروں پر زور دیا کہ کسی بھی خبر کی اشاعت سے قبل معتبر ذرائع سے معلومات کی تصدیق کریں اور خبر رسانی میں درستگی کو یقینی بنائیں۔