سیشن عدالت لاہور نے عقیل عرف گوگی بٹ کی عبوری ضمانتوں میں یکم ستمبر تک توسیع کر دی

ہفتہ 16 اگست 2025 12:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) سیشن عدالت نے لاہور شہر کی معروف کاروباری شخصیت امیر بالاج ٹیپو کے قتل کیس اور پولیس اہلکار کو دھمکی دینے کے الزام میں پیکا ایکٹ کے تحت درج دونوں مقدمات میں لاہور کی معروف سیاسی شخصیت عقیل عرف گوگی بٹ کی عبوری ضمانتوں میں یکم ستمبر تک توسیع کر دی۔امیر بالاج قتل کیس میں گوگی بٹ کی درخواست ضمانت پر سماعت ڈیوٹی ایڈیشنل سیشن جج اورنگزیب نے کی۔

ہفتہ کے روز سماعت پر ملزم عقیل عرف گوگی بٹ اپنی عبوری ضمانتوں کی معیاد ختم ہونے پر عدالت میں پیش ہوئے عدالت نے پولیس سے تفتیشی رپورٹ بھی طلب کر رکھی ہے۔ یہ مقدمہ تھانہ چوہنگ پولیس نے درج کیا تھا۔دوسری جانب پیکا ایکٹ کے مقدمے میں گوگی بٹ ایڈیشنل سیشن جج رفاقت علی قمر کی عدالت میں پیش ہوا، جہاں عدالت نے عقیل المعروف گوگی بٹ کی عبوری ضمانت میں یکم ستمبر تک توسیع کر دی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ فروری 2024 میں لاہور شہر کی معروف کاروباری شخصیت امیر بالاج ٹیپو کو شادی کی ایک تقریب میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔ تھانہ چوہنگ پولیس نے امیر بالاج کے قتل کا مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ مقدمے میں خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ اور عقیل عرف گوگی بٹ نامزد ہیں، اس مقدمے کا ایک ملزم احسن شاہ ایک پولیس مقابلے میں مارا جاچکا ہے۔