ویرات اور روہت کو بھارتی بورڈ کی اندرونی سیاست کے باعث ٹیسٹ ریٹائرمنٹ لینا پڑی، سابق بھارتی کرکٹر کا بڑا انکشاف

یہ فیصلہ سلیکشن کمیٹی اور بی سی سی آئی کی "چھوٹی موٹی سیاست" کا نتیجہ ہے، نہ ویرات اور نہ ہی روہت اپنی مرضی سے کھیل چھوڑنا چاہتے تھے : کرسن گھاوری

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 16 اگست 2025 11:51

ویرات اور روہت کو بھارتی بورڈ کی اندرونی سیاست کے باعث ٹیسٹ ریٹائرمنٹ ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 اگست 2025ء ) سابق بھارتی کرکٹر کرسن گھاوری نے ویرات کوہلی اور روہت شرما کی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ سے متعلق بڑا انکشاف کردیا۔ 
بھارت کے دو بڑے کرکٹرز ویرات کوہلی اور روہت شرما نے مئی 2025ء میں اچانک ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لیکر دنیائے کرکٹ کو حیران کر دیا تھا۔ 
دونوں نے یہ فیصلہ بارڈر گاوسکر ٹرافی میں آسٹریلیا کے خلاف ناقص کارکردگی کے بعد کیا تھا تاہم سابق بھارتی کرکٹر کرسن گھاوری نے اس معاملے پر بالکل نیا مؤقف پیش کیا ہے۔

 
کرسن گھاوری نے انکشاف کیا کہ ویرات اور روہت مزید ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا چاہتے تھے لیکن بی سی سی آئی کی اندرونی سیاست نے انہیں مجبور کیا کہ وہ ریٹائرمنٹ لیں۔ 
انہوں نے کہا کہ ویرات کوہلی آرام سے مزید دو سال بھارت کے لیے کھیل سکتے تھے لیکن کچھ ایسا ہوا جس نے انہیں ریٹائرمنٹ لینے پر مجبور کر دیا۔

(جاری ہے)

 

انہوں نے کہا کہ افسوسناک بات یہ ہے کہ بی سی سی آئی نے انہیں الوداعی میچ تک نہیں دیا۔

ایسے عظیم کھلاڑی کو شاندار اور شایانِ شان الوداعی میچ ملنا چاہیے تھا۔ 
کرسن گھاوری نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ سلیکشن کمیٹی اور بی سی سی آئی کی "چھوٹی موٹی سیاست" کا نتیجہ ہے، ورنہ نہ ویرات اور نہ ہی روہت اپنی مرضی سے کھیل چھوڑنا چاہتے تھے۔ 
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ یہ دونوں کھلاڑی جلد ون ڈے کرکٹ کو بھی خیرباد کہہ سکتے ہیں، جس کے بعد ان کا ورلڈ کپ 2027ء کھیلنے کا خواب ادھورا رہ جائے گا۔

 
36 سالہ ویرات کوہلی نے ون ڈے انٹرنیشنل میں 302 میچز میں 14181 رنز 57.88 کی اوسط سے بنائے، جن میں 51 سنچریاں اور 74 نصف سنچریاں شامل ہیں جبکہ بہترین اننگز 183 رنز رہی۔
38 سالہ روہت شرما نے 272 میچز میں 11168 رنز 48.76 کی اوسط سے اسکور کیے ہیں، جن میں 32 سنچریاں اور 59 نصف سنچریاں شامل ہیں جبکہ ان کی سب سے بڑی اننگز 264 رنز ہے۔