Live Updates

عوام کی تذلیل کرنے والوں کو جواب دوں گی، معافی نہیں مانگوں گی، مریم نواز

جمعرات 2 اکتوبر 2025 16:43

عوام کی تذلیل کرنے والوں کو جواب دوں گی، معافی نہیں مانگوں گی، مریم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2025ء)وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے سیلاب زدگان کے لیے عالمی امداد کا مطالبہ کرنے والوں پر پھر کڑی تنقید کرتے ہوئے دو ٹوک انداز میں اپنے موقف پر معافی مانگے سے انکار کردیا اور واضح کیا ہے اپنے عوام کے ہاتھ میں کشکول نہیں دے سکتی۔ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ پوزیشن ہولڈرز طلبہ کے اعزاز میں منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کے دوران مریم نواز نے کہا کہ میں عوام کی عزت نفس کی بات نہیں کروں گی تو کون کرے گا، عوام کی تذلیل کرنے والوں کو جواب دوں گی، معافی نہیں مانگوں گی۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب میں مجھے امداد مانگنے کا لیکچر دیا گیا، پنجاب اور عوام کی عزت نفس کی محافظ ہوں، اپنے لوگوں کو کشکول پکڑنے کا نہیں کہوں گی اور عوام کی عزت نفس کی بات اٹھانے پر کبھی معافی نہیں مانگوں گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ نوجوان فیک اور جھوٹے پروپیگنڈے کے قریب مت جائیں، نوجوان جلا گھیرا کی باتوں پر کان مت دھریں، نوجوانوں کو جلا گھیرا پر اکسانے والے انکے دشمن ہیں، ان کے بچے باہر اور 9 مئی کو حملہ کرنے والے نوجوان جیلوں میں ہیں۔

وزیراعلی پنجاب کا ہر شہر میں سینٹر آف ایکسی لینس اسکول بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسکولوں میں بچوں کومصنوعی ذہانت اورروبوٹکس کی تعلیم دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پوزیشن ہولڈرز طلبہ نے پنجاب اور پاکستان کا نام روشن کیا، پاکستانی نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، ملکی ترقی میں نوجوانوں کا کردار اہم ہے، ہونہار طلبہ کو اسکالرشپ نہ ملتی تو تعلیم سے محروم رہ جاتے۔

انہوںنے کہا کہ آج ٹیکنالوجی کا دور ہے، کتاب اور پینسل سے گزارہ نہیں، کوشش ہوتی ہے کہ کوئی حقدار اپنے حق سے محروم نہ رہے، ہونہار طلبہ کو لیپ ٹاپ دے رہی ہوں، تعلیم کے ذریعے ہی امیر اور غریب کا فرق ختم ہوسکتا ہے۔انہوںنے کہاکہ تعلیم اور وسائل ہمارے اختیار میں نہیں لیکن تعلیم سب کے لیے برابر ہونی چاہیے، سرکاری اورپرائیویٹ اسکولزمیں معیارتعلیم کافرق ختم کرنے تہیہ کیا تھا، پنجاب میں 80 ہزار بچے اسکالر شپ سے اعلی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ سفارش اور دھاندلی کو میں نے فل اسٹاپ لگادیا، کبھی کسی سفارشی یامن پسند شخص کا تقرر نہیں کیا، میں نے سیاسی اثرو رسوخ سے ملنے والے تمام ٹھیکے منسوخ کیے۔انہوںنے کہا کہ پورے پنجاب میں 90ہزار گھر بنا کر دے رہے ہیں، خواتین کو ہراساں کرنے پر 24گھنٹے میں ایکشن ہوتا ہے، میری بیٹیاں محفوظ ہیں تو سڑکوں پرکروڑوں بیٹیاں بھی محفوظ ہونی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ 5 سال میں پنجاب کو ترقی یافتہ صوبہ بنائیں گے، صوبے کے تمام شہروں کو بند مٹھی کی طرح جوڑ کر رکھناچاہتی ہوں، مریم نواز کے لیے کسی شہر کیلئے کوئی تفریق نہیں، جب حلف اٹھایا تو پنجاب میں کھلے عام جرائم ہوتے تھے جس کے بعد کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ بنایا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات