تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہےاور ان کو اچھی تعلیم کی سہولیات فراہم کرنا ہمارا فرض ہے،سید کلیم اللہ شاہ

ہفتہ 16 اگست 2025 21:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) ڈویژنل ڈائریکٹر سکولز کوئٹہ ڈویژن سید کلیم اللہ شاہ نے کہا ہے کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور ان کو اچھی تعلیم کی سہولیات فراہم کرنا ہمارا فرض ہے،حصول علم کی راہ میں رکاوٹ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا جبکہ شعبہ تعلیم میں مثبت اقدامات کے ثمرات کوئٹہ ڈویژن کے دور دراز و دیہی علاقوں تک پہنچنا بھی ضروری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویژنل ڈائریکوٹریٹ میں بند سکولوں کی دوبارہ بحالی،نئے اساتذہ کی تعیناتی،غیر حاضر اساتذہ و اسٹاف کے خلاف کارروائی،تنخواہ کی کٹوتی سمیت دیگر تعلیمی اصلاحات و معاملات سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈویژن ڈائریکٹر عبدالمالک خان کاکڑ،ڈپٹی ڈویژنل ڈائریکٹر (ایڈمن) علی احمد خان خلجی،اسسٹنٹ ڈائریکٹر کوئٹہ ڈویژن محمد ہاشم خان درانی،ضلعی آفسر ایجوکیشن کوئٹہ شیر محمد سمالانی،ضلعی ایجوکیشن آفسر پشین فیض اللہ خان کاکڑ،ضلعی ایجوکیشن آفسر قلعہ عبداللہ محمد یوسف زرکون و دیگر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژن ڈائریکٹر سید کلیم اللہ شاہ نے کہا کہ صوبائی سیکرٹری تعلیم اسفند یار خان کاکڑ پورے صوبے کی طرح کوئٹہ ڈویژن میں بھی بند اور غیرفعال سکولوں کو کھولنے اور مستقل بنیادوں پر فعال بنانے کیلئے سنجیدگی سے عمل پیرا ہیں اور ان کے مطابق اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈویژنل ڈائریکٹر نے کہا کہ اپنی بساط کے مطابق تعلیمی معیار کو بہتر سے بہترین بنانے کے لیے کوشاں ہیں اور نئی نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

اس ضمن میں دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مثبت اور دیرپا نتائج کے حصول کے لیے مزید موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ معماران وطن کی تعلیم و تربیت میں اساتذہ کا کردار بہت اہمیت اور کلیدی حیثیت کا حامل ہوتا ہے،اس بابت ضروری ہے کہ حصول علم کی راہ میں رکاوٹوں کو دور کیا جائے،تاہم دوران اجلاس ایجنڈا کے مطابق تمام ضلعی ایجوکیشن افسران نے کارکردگی رپورٹ پیش کی اور درپیش مشکلات و مسائل سے ڈویژنل ڈائریکٹر کو آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :