سیالکوٹ میں حالیہ بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری

اتوار 17 اگست 2025 15:10

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 سیالکوٹ نے حالیہ بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضلع بھر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کی خصوصی ہدایت پر تمام سیلابی علاقوں میں سیکٹرز کو فعال کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امدادی سرگرمیاں شروع کی جا سکیں۔

ترجمان ریسکیو 1122سیالکوٹ کے مطابق نالہ ڈیک میں طغیانی کے بعد ریسکیورز کسی بھی ایمرجنسی کا سامنا کرنے کے لیے الرٹ ہیں۔

(جاری ہے)

چپراڑ، ہیڈ مرالہ، جموں توی، سیدپور، سمبڑیال اور پسرور سمیت تمام حساس سیکٹرز پر ریسکیورز کو تعینات کر دیا گیا ہے، جہاں عملہ ہمہ وقت موجود رہ کر عوام کو بروقت امداد فراہم کرے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ تمام سیکٹرز پر سیلاب سے نمٹنے والے آلات اور جدید ریسکیو سامان بھی پہنچا دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تاخیر کے بغیر امدادی کارروائیاں کی جا سکیں۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو 1122 کی ہیلپ لائن پر فوری رابطہ کریں۔

متعلقہ عنوان :