حکومت پاکستان نے ڈیجیٹلائزیشن اورشفافیت مہم 2025 کے تحت بجلی کے کنکشنز کی شناختی کارڈ ٹیگنگ اورایک ہی گھر میں بجلی کے ایک سے زیادہ میٹرز کی تنصیب سے متعلق ایک خصوصی مہم شروع کردیاہے

بدھ 8 اکتوبر 2025 19:18

حکومت پاکستان نے ڈیجیٹلائزیشن اورشفافیت مہم 2025 کے تحت بجلی کے کنکشنز ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اکتوبر2025ء) وفاقی وزارت توانائی (پاور ڈویژن)حکومت پاکستان نے ڈیجیٹلائزیشن اور شفافیت مہم 2025 کے تحت بجلی کے کنکشنز کی شناختی کارڈ ٹیگنگ اورایک ہی گھر میں بجلی کے ایک سے زیادہ میٹرز کی تنصیب سے متعلق ایک خصوصی مہم شروع کردیاہے جس میں صارفین کی گروپ بندی کرکے بجلی کے میٹروں کے انتظام کومزید بہتر بنانے کی کوششیں کی جارہی ہے۔

اس سلسلے میں کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو) کی جانب سے بھی تمام صارفین کے کنکشنزکی شناختی کارڈ (CNIC)ٹیگنگ کرکے برقی میٹرز کو صارف کے شناختی کارڈ نمبرکے ساتھ منسلک کیاجارہاہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایاجاسکے کہ ہر میٹر انفرادی طور پر کسی فرد یا گھرانے کے لیے رجسٹرڈ ہوسکے ۔اس ا قدام کابنیادی مقصدبجلی کے جعلی کنکشن کی روک تھام اوربجلی کے غلط استعمال کو کم کرنے کے علاوہ بلنگ اور میٹر کی نگرانی کیلئے صارفین کی جوابدہی کو بھی بڑھانا ہے۔

(جاری ہے)

اس خصوصی مہم کے دوران کیسکوکامیٹرریڈنگ عملہ صارفین کے قومی شناختی کارڈ (CNIC)کے بارکوڈ اسکین کریں گے اور صارف کا ایکٹیو موبائل نمبرحاصل کرکے بجلی کنکشن کے مالک مکان ہونے یاکرایہ دار سے متعلق معلومات حاصل کریںگے۔ اس اقدام سے ایک ہی احاطہ میں متعدد بجلی میٹر کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے فی گھرانہ ایک سے زیادہ سنگل فیز کنکشن کی غیر مجاز تنصیب کے خلاف ضابطے کوسخت بنایاجاسکے گا کیونکہ اکثر علاقوںمیں صارفین ایک ہی گھرمیں بجلی کے کئی میٹر استعمال کرکے ٹیرف کی مدمیں رعایتی نرخوں سے فائدہ اُٹھارہی ہے جس کیلئے اب ایک بنیادی مقصد کے تحت متعدد میٹروں کی گروپ بندی کیاجائے گا کیونکہ اس خصوصی مہم کابراہ راست فائدہ صارفین کو درست بلنگ، بروقت میٹر ریڈنگ کی معلومات، شٹ ڈاؤن اور لوڈ مینجمنٹ یعنی بجلی بندش سے متعلق پیشگی اطلاع کے ساتھ ساتھ ٹیرف سسٹم کے غیر قانونی استحصال کو روکنے کی صورت میں حاصل ہوگا۔

یہ خصوصی اقدامات موبائل ایپس جیسے ''سیلف میٹر ریڈنگ ایپ'' کے رول آؤٹ کے ساتھ بھی موافق ہیں جو کہ صوبہ کے تمام علاقوں کے صارفین آسانی سے استعمال کرسکتے ہیں۔اس کے علاوہ یہ ایپ صارفین کو اپنے شناختی کارڈ سے منسلک کرنے پر خود میٹر ریڈنگ کی بھی اجازت دیتی ہے۔ جس سے بلنگ کی شفافیت اور صارفین کو بااختیار بنانے میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

علاوہ ازیں حکومت 2026 تک ایک جامع سمارٹ میٹر انفراسٹرکچر کا بھی ہدف رکھتی ہے جو صارفین کے شناختی کارڈ ٹیگنگ، بلوں پر میٹر فوٹو جیو ٹیگنگ اور ایک سے زیادہ میٹر والے احاطے کے لیے ایک منظم میٹریڈنگ نظام کو مربوط کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔اس سلسلے میں کیسکو نے اپنے تمام صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اس خصوصی مہم کے دوران کیسکوکے میٹرریڈنگ عملہ کے ساتھ تعاون کرکے شناختی کارڈنمبراوراپنا موبائل نمبرفراہم کریں۔