خاور حسین کی موت پر نورین اسلم کا اظہارِ افسوس، شفاف تحقیقات کا مطالبہ

اتوار 17 اگست 2025 20:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء)شہید چوہدری اسلم فانڈیشن کی چیئرپرسن نورین اسلم نے ڈان نیوز کے رپورٹر خاور حسین کے قتل/پراسرار موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے کی سخت مذمت کی ہے۔نورین اسلم نے اپنے بیان میں کہا کہ خاور حسین ایک نڈر، ذمہ دار اور باصلاحیت صحافی تھے جن کی اچانک موت نے نہ صرف صحافتی برادری بلکہ پورے معاشرے کو سوگوار کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ آزادی صحافت پر ایک کاری ضرب ہے اور اس پر خاموش رہنا ممکن نہیں۔انہوں نے حکومتِ سندھ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ خاور حسین کے قتل یا مبینہ خودکشی کے معاملے کی شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کی جائیں تاکہ اصل حقائق عوام کے سامنے آسکیں اور اس سانحے کے ذمہ داروں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جا سکے۔

(جاری ہے)

نورین اسلم نے مزید کہا کہ پاکستان میں صحافیوں کو پہلے ہی کئی خطرات کا سامنا ہے، ایسے میں ان کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ شہید چوہدری اسلم فانڈیشن صحافتی برادری کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتی ہے اور ہر سطح پر انصاف کے حصول کے لیے اپنی آواز بلند کرے گی۔آخر میں انہوں نے خاور حسین کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں بلند مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے۔