Live Updates

چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد کی ہدایت پر افسران و ملازمین پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی ٹیم کا اسلام آباد کے نشیبی اور حساس علاقوں بشمول سیدپور ولیج اور چھٹہ بختاور کا دورہ

اتوار 17 اگست 2025 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) کی سربراہی میں ڈائریکٹر جنرل ریسکیو، ڈائریکٹر ایم پی او،ڈائریکٹر سینی ٹیشن، ڈائریکٹرایم اینڈ آر ایم سمیت روڈز اینڈ مارکیٹس ڈائریکٹوریٹ کے افسران و ملازمین پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی ٹیم نے اسلام آباد کے نشیبی اور حساس علاقوں بشمول سیدپور ولیج اور چھٹہ بختاور کا دورہ کیا تاکہ مون سون بارشوں کے دوران کیے جانے والے انتظامات کو حتمی شکل دی جا سکے۔

اس سلسلہ میں مون سون بارشوں کے متوقع سپل کے دوران نکاسی آب کو یقینی بنانے کیلئے ایک جامع منصوبہ تیار کیا گیا ہےجس کے تحت نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے، گٹروں کی صفائی اور دیگر ضروری اقدامات پر تیزی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں عوام الناس سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ بارش کے دوران نالوں اور آبی کے گذرگاہوں کو رکاوٹوں سے پاک رکھیں اور ممکنہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

واضح رہے سی ڈی اے انتظامیہ کی جانب سے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ بارشوں کے دوران فوری ردعمل کیلئے مکمل طور پر تیار رہیں۔ ریسکیو ٹیموں، سینی ٹیشن اسٹاف اور دیگر اہلکاروں کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے تاکہ کسی بھی غیرمتوقع صورتِ حال سے بروقت نمٹا جا سکے۔چیئرمین سی ڈی و چیف کمشنر اسلام آباد کی ہدایت پر عملدرآمد کرتے ہوئے متعلقہ افسران و ملازمین کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئیں ہیں تاکہ شہریوں کو مون سون بارشوں کے دوران شہریوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

سی ڈی اے انتظامیہ نے شہریوں سے بھی تعاون کی اپیل کی ہے کہ وہ بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور کسی بھی ہنگامی صورت میں فوری طور پر سی ڈی اے ہیلپ لائن یا متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں کیونکہ عوام کی تعاون سے ہی موسمی چیلنجز سے بہتر طور پر نمٹا کیا جا سکتا ہے اور جانی و مالی نقصان پر قابو پانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات