سعودی عرب نے لبنان میں صدارتی خلا ختم کرنے میں کردار ادا کیا، لبنانی صدر

پیر 18 اگست 2025 10:20

بیروت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) لبنان کے صدر جوزف عون نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے لبنان میں صدارتی خلا ختم کرنے میں کردار ادا کیا ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق انہوں نے ’’العربیہ‘‘ کے ساتھ خصوصی انٹرویو کے دوران کہا کہ سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان خطے میں امن قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے لبنان میں صدارتی خلاختم کرنے میں کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے شام اور لبنان کے درمیان سکیورٹی کی سطح پر نقطہ نظر کو قریب لانے میں کردار ادا کیا جس میں حالیہ دو ہفتے قبل ریاض میں ایک سکیورٹی ملاقات بھی شامل تھی۔ اس سے قبل سعودی عرب نے جدہ میں ہونے والی ایک ملاقات میں ایک شامی وفد اور ایک لبنانی وفد کو اکٹھا کیا جس میں دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی معلومات کا تبادلہ، سکیورٹی تعاون کو بڑھانے اور سرحدوں کی حد بندی پر بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ لبنان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو برقرار رکھے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان تعلقات کی جڑیں بانی بادشاہ مرحوم عبدالعزیز بن عبدالرحمن کے دور تک جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی موجودہ ترجیحات لبنان کی سکیورٹی اور استحکام اور اقتصادی ترقی حاصل کرنا ہے۔ ساتھ ہی وہ کسی بھی ایسے ملک کا خیرمقدم کرتے ہیں جو ملک کے معاملات میں مداخلت کے بغیر لبنان کی مدد کرنا چاہتا ہے۔ لبنانی صدر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ان کا ملک لبنان میں فلسطینیوں کی آبادکاری کے مسئلے کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔