گوگل آسٹریلیا میں غیر منصفانہ معاہدوں پر 36 ملین ڈالر جرمانہ ادا کرنے پر رضامند

پیر 18 اگست 2025 11:34

گوگل   آسٹریلیا میں غیر منصفانہ معاہدوں پر   36 ملین ڈالر جرمانہ ادا کرنے ..
سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) امریکی انٹرنیٹ سرچ انجن و ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے آسٹریلیا میں 55 ملین آسٹریلین ڈالر (35.8 ملین امریکی ڈالر) جرمانہ ادا کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ رائٹرز کی رپورڑ کے مطابق یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب آسٹریلیا کے صارفین کے حقوق کے نگران ادارے نے انکشاف کیاکہ گوگل نے دو بڑی ٹیلی کام کمپنیوں کو ادائیگیاں کر کے اپنی سرچ ایپلیکیشن کو اینڈرائیڈ فونز میں پہلے سے انسٹال کرایا جس سے حریف سرچ انجنز کے لیے مواقع محدود ہو گئے۔

آسٹریلین کمپٹیشن اینڈ کنزیومر کمیشن کے مطابق ٹیلسٹرا اور آپٹس کے ساتھ کیے گئے ان معاہدوں کے تحت گوگل نے 2019 کے آخر سے 2021 کے اوائل تک سرچ سے حاصل ہونے والی اشتہاری آمدن ان کمپنیوں کے ساتھ بانٹی۔

(جاری ہے)

گوگل نے تسلیم کیا کہ اس انتظام نے حریف سرچ انجنز کے مقابلے میں نمایاں اثر ڈالا۔ریگولیٹر کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے مستقبل میں لاکھوں آسٹریلوی صارفین کو زیادہ سرچ آپشنز میسر آئیں گے اور حریف کمپنیوں کو بھی مارکیٹ میں بہتر مواقع ملیں گے۔

یہ جرمانہ ایسے وقت میں عائد کیا گیا ہے جب گوگل کو آسٹریلیا میں دیگر قانونی دباؤ کا بھی سامنا ہے۔ گزشتہ ہفتے ایک عدالت نے بڑی حد تک ایپک گیمز کی اس درخواست کے حق میں فیصلہ سنایا جس میں گوگل اور ایپل پر حریف ایپ اسٹورز کو روکنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ اسی طرح گزشتہ ماہ یوٹیوب کو بھی 16 سال سے کم عمر صارفین پر عائد سوشل میڈیا پابندی میں شامل کر دیا گیا تھا۔

گوگل کے ترجمان نے کہا کہ کمپنی اس معاملے کے حل پر خوش ہے اور وہ اینڈرائیڈ ڈیوائس مینوفیکچررز کو براؤزرز اور سرچ ایپس انسٹال کرنے میں مزید آزادی دینے کے لیے پرعزم ہے تاکہ وہ ایپل کے ساتھ مقابلہ کر سکیں اور اخراجات بھی کم رہیں۔ ٹیلسٹرا اور آپٹس نے کہا ہے کہ وہ پہلے ہی اے سی سی سی کے ساتھ تعاون کر چکے ہیں اور 2024 کے بعد سے گوگل کے ساتھ اس نوعیت کے معاہدے نہ کرنے کا وعدہ کر چکے ہیں۔