Live Updates

پشاور میں بھی موسلادھار بارش، سبزی منڈی تالاب بن گئی، کاروبار ٹھپ

وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر بارشوں کے بعد پشاور میں فوری آپریشن شروع

Sajid Ali ساجد علی پیر 18 اگست 2025 14:37

پشاور میں بھی موسلادھار بارش، سبزی منڈی تالاب بن گئی، کاروبار ٹھپ
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اگست 2025ء ) صوبہ خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں بھی موسلادھار بارش ہوئی ہے جس کے باعث سبزی منڈی تالاب بن گئی اور کاروبار ٹھپ ہوگیا۔ اطلاعات کے مطابق موسلا دھار بارش کے باعث پشاور کا صدر بازار، کوہاٹی بازار، موچی بازار و دیگر علاقے پانی میں ڈوب گئے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر بارشوں کے بعد پشاور میں فوری آپریشن شروع کردیا گیا، واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز پشاور اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں مکمل طور پر فعال نظر آئیں، نالوں کی صفائی اور نکاسی آب کو بروقت یقینی بناتے ہوئے سڑکوں کی کلیئرنس اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کا عمل جاری رہا، پشاور شاہین مسلم ٹاؤن کلئیر کرتے ہوئے سڑک سے پانی ختم کردیا گیا، اس دوران نالیوں سے کمبل نکل آئے، اس کے علاوہ شہر بھر میں آپریشن کلین اپ جاری ہے، جس کے تحت تمام سڑکوں کو کلئیر کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ موسلادھار بارشوں کے پیش نظر ریسکیو 1122 پشاور کی ٹیمیں نشتر آباد، گلبہار، کوہاٹ روڈ، یونیورسٹی روڈ، پریس کلب روڈ اور حیات آباد سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں تعینات کی گئی تاکہ عوام کو بروقت امداد فراہم کی جا سکے، اس وقت 70 سے زائد اہلکار امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جن کے ہمراہ 8 ایمبولینسز، 2 ڈیزاسٹر ریسپانس گاڑیاں اور 6 ڈی واٹرنگ پمپس موجود ہیں۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ ڈیزاسٹر ٹیمیں بھی شہر بھر میں مسلسل پٹرولنگ کر رہی ہیں تاکہ سڑکوں پر جمع پانی کو نکالنے اور پانی میں پھنسے شہریوں اور گاڑیوں کو محفوظ مقامات تک پہنچانے کا عمل جاری رکھا جا سکے، فی الحال کئی مقامات پر ڈی واٹرنگ کا عمل جاری ہے جب کہ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات