گرین ٹریکٹر فیز ٹو کا آغاز ہوچکا ، یکم ستمبر تک آن لائن درخواستیں وصول کی جائیں گی،محكمہ زراعت سمبڑیال

پیر 18 اگست 2025 17:05

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع ڈاکٹر افتخار حسین بھٹی نے کہا ہے کہ گرین ٹریکٹر فیز ٹو کا آغاز ہوچکا ہے،14 اگست سے سکیم کا آغاز کردیا گیا ہے اور یکم ستمبر تک آن لائن درخواستیں وصول کی جائیں گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی خبررساں ادارے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ گرین ٹریکٹر سکیم فیز ٹو کا آغازہوچکا ہے ،14 اگست یوم آزادی کے پر مسرت موقع پر 75 ہارس پاور اور اس سے زائد ہارس پاور کے گرین ٹریکٹر کیلئے درخواستوں کی وصولی کا آغاز کردیا گیا ہے اور یکم ستمبر تک درخواستیں آن لائن وصول کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ گرین ٹریکٹر کیلئے اپلائی کرنے کیلئے کسان 7 ایکڑ کا مالک ہونا چاہیے ۔

(جاری ہے)

افتخار حسین بھٹی نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت 7 ایکڑ یا اس سے زائد رقبہ کے مالک کسان درخواست دینے کے اہل ہوں گے اور پنجاب حکومت کی جانب سے 10 لاکھ روپے فی ٹریکٹر سبسڈی دی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کسان خوشحال پنجاب خوشحال پروگرام کے تحت اربوں روپے کی لاگت سے 20 ہزار ٹریکٹرز پر سبسڈی مختص کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کیلئے پنجاب حکومت کی طرف سے سبسڈی حاصل کرنے کا یہ ایک سنہری موقع اور اس سے استفادہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ آن لائن اپلائی کرنے کیلئے پورٹل /https://gts.punjab.gov.pk وزٹ کریں اور مزید رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کے نمائندے سے رابطہ کریں۔