پنجاب حکومت تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے‘چوہدری شافع حسین

پیر 18 اگست 2025 17:16

پنجاب حکومت تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے‘چوہدری ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء) مرکزی انجمن تاجران مسلم بازار گجرات کے نو منتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری ہوئی۔رائلز میرج ہال میں منعقدہ تقریب میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین مہمان خصوصی تھے۔صوبائی وزیر نے مختلف تاجر تنظیموں کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا۔صوبائی وزیر نے تاجر تنظیموں کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دی۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ قومی معیشت میں تاجر برادری کو ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے،معیشت کے فروغ میں تاجروں نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے۔پنجاب حکومت تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ناجائز تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں،80فیصد تاجرناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن سے مطمئن ہیں،تاجر صفائی کی صورتحال بہتر بنانے میں بھی اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے گجرات کے ترقیاتی کاموں کیلئے 15 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دی ہے، اس فنڈ سے شہر کا سیوریج سسٹم ،روڈ انفراسٹرکچر اور دیگر ترقیاتی کام مکمل کئے جائیں گے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ سابق حکمرانوں نے ترقیاتی سکیموں کے نام پر قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا،میں ترقیاتی کاموں کیلئے مختص فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بناؤں گا۔

ترقیاتی سکیموں کی بروقت ،معیاری اور شفاف تکمیل یقینی بنائی جارہی ہے۔گجرات کی تاریخ میں پہلی بارشوں کے پانی کے بروقت نکاس کو یقینی بنایا گیا،سروس موڑ بریج کے منصوبے میں توسیع کی گئی ہے، سروس موڑ کا منصوبہ اس سال دسمبر میں مکمل ہو جائے گا۔وزیر صنعت و تجارت پنجاب نے کہاکہ گجرات میں سیف سٹی منصوبے کے تحت اڑھائی سو کے قریب کیمرے نصب ہوچکے ہیں،سیف سٹی پراجیکٹ سے کرائم کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔

گجرات کے پارکوں اور تھانوں کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے،کوشش ہے کہ گجرات شہر میں عالمی معیار کا چڑیا گھر بنایا جائے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہاکہ انڈسٹریل اسٹیٹس میں برسوں سے موجود پراپرٹی مافیا کا خاتمہ کردیا،اب انڈسٹریل اسٹیٹس میں حاصل کئے گئے پلاٹوں پر صرف کارخانے ہی لگ رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام پنجاب بھر کے درباروں اور مساجد کی تزئین آرائش پر 3 ارب روپے خرچ کئے جارہے ہیں،پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کبھی اپنا نہیں ہمیشہ ملک اور عوام کا سوچا۔

ہم ان کی رواداری اور عوامی خدمت کی سیاست کو آگے بڑھا رہے ہیں۔تاجروں نے شہر میں ترقیاتی کام کروانے پر چوہدری شافع حسین کا شکریہ ادا کیا۔مرکزی انجمن تاجران مسلم بازار کے صدر ندیم اکرم بٹ،سینئر نائب صدر محمد یوسف بٹ ،جنرل سیکرٹری شیخ عمران وحید اور دیگر عہدیداروں نے حلف اٹھایا۔تاجر راہنما جاوید بٹ نے تاجر برادری کے مسائل سے آگاہ کیا اور شہر میں متعدد منصوبوں کی تکمیل پر پاکستان مسلم لیگ کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔تقریب میں مسلم لیگ گجرات سٹی کے صدر علی ابرار جوڑا ،تاجر تنظیموں کے رہنماؤں اور تاجروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔