ایل ایل بی طلبہ کا پنجاب یونیورسٹی کے امتحان کیلئے داخلہ نہ بھجوانے کا اقدام چیلنج

پیر 18 اگست 2025 17:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء) ایل ایل بی طلبہ کا پنجاب یونیورسٹی کے امتحانی داخلے نہ بھیجنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ، عدالت نے کم حاضری پر درخواست واپس لینے پر خارج کردی جبکہ دوسرے طالب علم کے معاملے پر رپورٹ آج ( منگل ) تک طلب کرلی۔جسٹس خالد اسحاق نے طالب علم محمد بلاول اور محمد ذیشان کی درخواستوں پر سماعت کی۔

پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد عثمان خان پیش ہوئے۔ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے پٹیشن میں یونیورسٹی سربراہ کے حوالے سے غیر مناسب الفاظ استعمال کیے ہیں، یہ افسوس ناک ہے۔ کیا آپ بچوں کی تربیت اس طرح کر رہے ہیں عدالت نے مزید ریمارکس دیئے کہ معاملہ صرف طلبہ کی حاضری کا ہے، آپ اپنی پٹیشن پڑھیں۔

(جاری ہے)

درخواست گزار وکیل نے موقف اختیار کیا کہ طالب علم محمد ذیشان کی حاضری 32فیصد ہے جبکہ طالب علم محمد بلاول کی حاضری 70فیصد ہے۔ اس پر عدالت نے استفسار کیا کہ حاضری کتنی لازمی ہی ۔وکیل نے جواب دیا کہ کم از کم 70 فیصد لازمی ہے۔جسٹس خالد اسحاق نے ریمارکس دیئے کہ 32فیصد حاضری والے پٹیشنر کا کیس آپ واپس لینا چاہتے ہیں یا پھر میں اسے جرمانے کے ساتھ خارج کروں ۔

وکیل نے کہا کہ وہ درخواست واپس لینا چاہتے ہیں کیونکہ اس میں ایک آئینی غلطی ہے تاہم ان کے مقف کے مطابق کم حاضری والے دیگر طلبہ کے داخلے بھی بھیجے گئے ہیں۔عدالت نے درخواست گزار وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ آپ کو بھی قانون پڑھنے کی ضرورت ہے، ایک غلط اقدام کو دوسرے کی بنیاد نہیں بنایا جا سکتا۔ جسٹس خالد اسحاق نے مزید کہا کہ آپ کیسا موقف اختیار کررہے ہیں جس میں طلبہ کو اساتذہ کے خلاف بھڑکا رہے ہیں۔درخواست گزار وکیل محمد ذیشان کی پٹیشن واپس لینے پر عدالت نے اسے خارج کر دیا۔ عدالت نے دوسرے طالب علم محمد بلاول کے معاملے پر لا افسر کو ہدایت کی کہ پتہ کرکے بتایا جائے کہ اس کا داخلہ کس وجہ سے نہیں بھیجا گیا۔