مسابقتی کمیشن نے لاجسٹکس شعبہ میں اہم مرجر کی منظوری دے دی

پیر 18 اگست 2025 18:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے نپون ایکسپریس (سائوتھ ایشیاء اینڈ اوشیانا) پرائیویٹ لمیٹڈ کو ٹی سی ایس لاجسٹکس (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی مخصوص شیئر ہولڈنگ ایکوائر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔نیپون ایکسپریس (سائوتھ ایشیا اینڈ اوشیانا) پرائیویٹ لمیٹڈ نپون ایکسپریس ہولڈنگز کا ایک مکمل ملکیتی ذیلی ادارہ اور ایک عالمی لاجسٹکس گروپ ہے جس کا صدر دفتر ٹوکیو، جاپان میں واقع ہے۔

یہ کمپنی سنگاپور میں رجسٹرڈ ہے جو ساوتھ ایشیا اور اوشیانا ریجن میں نپون ایکسپریس ہولڈنگز کے ایک حصے کے طور پر کام کرتی ہے۔ دوسری جانب ٹی سی ایس لاجسٹکس (پرائیویٹ) لمیٹڈ ایک پاکستانی کمپنی ہے جو ملکی حدود میں اپنے آپریشنز سرانجام دیتی ہے۔

(جاری ہے)

مذکورہ دونوں کمپنیاں پاکستان میں تھرڈ پارٹی لاجسٹکس (3 پی ایل) سروسز فراہم کرتی ہیں، جس بناء پر کمیشن نے متعلقہ مارکیٹ کو پاکستان میں تھرڈ پارٹی لاجسٹکس (3 پی ایل) سروسز فراہمی کی مارکیٹ قرار دیا ہے۔

کمیشن نے کمپٹیشن ایکٹ 2010 کے تحت کیے گئے مجوزہ ٹرانزیکشن کے جائزے کے بعد قرار دیا ہے کہ اس لین دین سے مارکیٹ میں مقابلے سے متعلق خدشات پیدا نہیں ہوں گے، اس لین دین کے بعد دونوں کمپنیوں کا مارکیٹ شیئر نہایت معمولی رہے گا اور اس سے مارکیٹ میں مقابلے میں کوئی خاص کمی واقع نہیں ہوگی۔کمیشن کے مطابق اس لین دین کے تحت ملکی لاجسٹکس کے شعبہ میں بین الاقوامی معیار کی مہارت کی شمولیت کے روشن امکانات ہیں، جو سروس کے معیار اور آپریشنز کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگی اور پاکستان کے لاجسٹکس شعبہ کی ترقی میں مثبت کردار ادا کرے گی۔ مزید برآں اس لین دین سے مارکیٹ میں متعلقہ شعبے میں نئے کاروباری اداروں کی شمولیت کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہوگی۔