پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تاریخی تیزی ، انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 49 ہزار پوائنٹس سے تجاوز کر گیا

منگل 19 اگست 2025 14:34

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تاریخی تیزی ، انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 49 ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ قائم ہونے کا سلسلہ جاری ہے اور کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی مارکیٹ میں شاندار تیزی دیکھی گئی۔ ٹریڈنگ کے دوران ہنڈرڈ انڈیکس نے پہلی بار ایک لاکھ 49 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر لی۔منگل کے روز کاروبار کے آغاز پر ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور خریداری دیکھنے میں آئی جس کے نتیجے میں مارکیٹ 1061 پوائنٹس سے زائد بڑھ گئی۔

اس اضافے کے بعد ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 49 ہزار 367 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر ٹریڈ کرتا رہا، جو کہ ملک کی کیپیٹل مارکیٹ کی تاریخ میں ایک نیا سنگ میل ہے۔واضح رہے کہ پیر کے روز بھی پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی تھی۔ کاروباری دن کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 1704 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 48 ہزار 196 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔

(جاری ہے)

یہ اضافہ سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور مارکیٹ میں مثبت رجحان کا عکاس ہے۔ماہرین معاشیات کے مطابق مارکیٹ میں حالیہ تیزی کی بڑی وجوہات میں معاشی اشاریوں میں بہتری، غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی، روپے کی قدر میں استحکام اور حکومتی اقدامات پر اعتماد شامل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں اصلاحات اور بیرونی سرمایہ کاری کے امکانات نے بھی سرمایہ کاروں کو متحرک کیا ہے۔پاکستان سٹاک ایکسچینج کی یہ تاریخی بلندی ملکی معیشت کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے۔ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ اور مارکیٹ کا مسلسل اوپر جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں معاشی سرگرمیاں تیزی سے بحال ہو رہی ہیں۔\395\932