ایل ایل بی طلبہ کے داخلے معاملے پر لاہور ہائیکورٹ میں سماعت کل ہوگی

پیر 18 اگست 2025 21:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2025ء) ایل ایل بی طلبہ کا پنجاب یونیورسٹی کے امتحانی داخلے نہ بھیجنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ جسٹس خالد اسحاق نے طالب علم محمد بلاول اور محمد ذیشان کی درخواستوں پر سماعت کی۔سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ معاملہ صرف طلبہ کی حاضری کا ہے، پٹیشن میں یونیورسٹی سربراہ کے خلاف غیر مناسب الفاظ استعمال کرنا افسوسناک ہے۔

(جاری ہے)

عدالت نے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا آپ طلبہ کی تربیت اس انداز سے کر رہے ہیں درخواست گزار وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ محمد ذیشان کی حاضری 32 فیصد جبکہ محمد بلاول کی حاضری 70 فیصد ہے۔ اس پر عدالت نے کہا کہ 32 فیصد حاضری والے کیس کو واپس لینا چاہتے ہیں یا پھر عدالت اسے جرمانے کے ساتھ خارج کری وکیل نے درخواست واپس لینے کا فیصلہ کیا جس پر عدالت نے اسے خارج کر دیا۔عدالت نے وکیل کو ہدایت دی کہ ایک غلط اقدام کو دوسرے کی بنیاد نہیں بنایا جا سکتا۔ مزید برآں محمد بلاول کے معاملے پر عدالت نے لاء افسر کو ہدایت دی کہ بتایا جائے اس کا داخلہ کیوں نہیں بھیجا گیا۔ عدالت نے 19 اگست تک رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔