پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے وفد کا اے ایف سی ہیڈ کوارٹر کا دورہ،فٹ بال کے انفرااسٹرکچر، تکنیکی ترقی اور طویل المدتی تعاون پر تبادلہ خیال

پیر 18 اگست 2025 23:18

پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے وفد کا اے ایف سی ہیڈ کوارٹر کا دورہ،فٹ بال ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء) پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے وفد نے کوالالمپور میں ایشین فٹ بال کنفیڈریشن (اے ایف سی) ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔پاکستانی وفد کی قیادت صدر پی ایف ایف سید محسن گیلانی نے کی، نائب صدر ذکاء اللّٰہ، قائمقام جنرل سیکریٹری محمد شاہد نیاز کھوکھر اور بین الاقوامی تعلقات اور ڈیولپمنٹ کے سربراہ عمیر اللّٰہ خان بھی وفد میں شامل تھے۔

(جاری ہے)

اے ایف سی کے جنرل سیکریٹری دا توک سیری ونڈ سرجون نے وفد کا استقبال کیا، اس موقع پر ہیڈ کوارٹرمیں دیگر اعلیٰ عہدیداران بھی موجود تھے۔پی ایف ایف اور اے ایف سی حکام کی ملاقات میں فٹ بال کے انفرااسٹرکچر، تکنیکی ترقی اور طویل المدتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس دوران صدر پی ایف ایف سید محسن گیلانی نے کہا کہ اے ایف سی کے صدر شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ کی پاکستان میں فٹ بال کی ترقی کا عزم خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ اے ایف سی صدر شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ کی پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔