پی سی بی چیئرمین کا اہم فیصلہ،محسن نقوی کا سنٹرل کنٹریکٹس جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت

پیر 18 اگست 2025 18:01

پی سی بی چیئرمین کا اہم فیصلہ،محسن نقوی کا سنٹرل کنٹریکٹس جلد حتمی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2025ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے قومی کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹس 2025-26 کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین نے یہ ہدایت دی ہے کہ ٹیم کی 21 اگست کو متوقع یو اے ای روانگی سے قبل ہی معاہدوں کو حتمی شکل دے کر اعلان کر دیا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی میں سنٹرل کنٹریکٹس کے حوالے سے مشاورتی عمل تیزی سے جاری ہے، جبکہ پچھلے کنٹریکٹس کی مدت 30 جون کو ختم ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

نئے معاہدوں کے تحت چند کھلاڑیوں کو پہلی بار کنٹریکٹس دیے جانے کا امکان ہے، جن میں صاحبزادہ فرحان، حسن نواز، فخر زمان، فہیم اشرف، اسپنر صفیان مقیم اور محمد حارث شامل ہیں۔ علاوہ ازیں، ذرائع کے مطابق حسن علی، خوشدل شاہ، حسین طلعت اور محمد نواز کو بھی نئے کنٹریکٹس ملنے کے قوی امکانات ہیں۔ تاہم بورڈ نے ناقص کارکردگی کے حامل کھلاڑیوں کو نئے معاہدے نہ دینے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے اگلے بین الاقوامی اسائنمنٹ کے لیے 21 اگست کو متحدہ عرب امارات روانگی متوقع ہے، جس سے قبل اسکواڈ اور کنٹریکٹس کا اعلان متوقع ہے۔