ڈویژنل پولیس قیام امن کیلئے کوشاں،لڑکی سے زیادتی اورخاتون کو ہراساں کرنے میں ملوث ملزمان گرفتار

پیر 18 اگست 2025 22:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) اقبال ٹاون ڈویژن پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں،نواں کوٹ پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران 6ملزمان گرفتار کر لئے۔گرفتار ملزمان میں تین آئس فروش سمیت کچی شراب، ون ویلر اور پتنگ باز گرفتار کئے گئے۔آئس فروش ملزمان نواز عرف ببی، وقاص اور گلفام سے مجموعی طور پر 01کلو آئس قبضہ میں لی گئی۔

پتنگ باز سے ڈور، شراب فروش سے کچی زہریلی دیسی شراب برآمدکی گئی جبکہ ون ویلر عمر درازکو ہنڈا 125پر ون ویلنگ کرتے ہوئے گرفتارکیا گیا۔اسی طرح ساندہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خاتون کوہراساں کرنے والے ملزم کوگرفتار کر لیا۔ملزم کی شناخت چاند عرف رانا چن کے نام سے ہوئی۔ ملزم وقتا فوقتا گھر آتے جاتے منزہ بی بی کوہراساں کرتا تھا۔

(جاری ہے)

سفاک ملزم خاتون کے گھر چلا گیا اورخاتون کابازو کھینچا جس سے اس کے کپڑے پھٹ گئے۔ملزم نے خاتون کو گالیاں اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔ پولیس نے منزہ بی بی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔مزیدبرآں یہ کہ ایس پی اقبال ٹائون ڈاکٹر محمد عمر کی روزانہ کی بنیاد پر اپنے آفس میں کھلی کچہری کا سلسلہ جاری ہے۔ایس پی ڈاکٹر محمد عمر نے عوام الناس کے مسائل سنے اور موقع پر حل کے احکامات جاری کیے۔

ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کے مسائل کے لیے میرے دفتر کے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں۔کھلی کچہری کا مقصد سفارشی کلچر کا خاتمہ اور عوام الناس کے مابین فاصلے کم کرنا ہے۔سٹی ڈویژن پولیس انسدادِمنشیات کیلئے متحرک، چوکی میو ہسپتال گوالمنڈی پولیس نے ریکارڈ یافتہ منشیات فروش کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کی شناخت احمد طارق کے نام سے ہوئی۔

گرفتارملزم کے قبضہ سے 1240گرام چرس اور 300گرام آئس برآمدہوئی۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔سول لائن ڈویژن پولیس منشیات فروشوں کیخلاف اِن ایکشن ہے،گڑھی شاہو پولیس نے کارروائی کے دوران منشیات فروش گرفتارکر لیا۔ ملزم اعجاز کو دوران پٹرولنگ گوندی پیر دربار گڑھی شاہو سے گرفتار کیا گیا۔دوران تلاشی ملزم سے شاپر میں چھپائی ہوئی 2260گرام چرس اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کیا گیا۔

ماڈل ٹائون پولیس اوباش ملزمان کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا، گلبرگ پولیس نے شادی کا جھانسہ دے کرلڑکی سے زیادتی،نازیبا ویڈیوز بنانے میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔متاثرہ لڑکی نجی یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھی جبکہ ملزم یونیورسٹی میں منعقد ایونٹ پر آیا تھا۔ملزم نے دھوکے سے لڑکی کا فون نمبر حاصل کرکے اس سے دوستی کی اور پھر ملزم نے 7 ماہ قبل شادی کا جھانسہ دے کر اس سے زیادتی کی اورویڈیوز بھی بنائی۔

ملزم ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی بابت متاثرہ لڑکی اور اہلخانہ کو بلیک میل بھی کرتا رہا۔پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ اسی طرح اچھرہ پولیس کا قمار بازوں کیخلاف کریک ڈائون جاری ہے،پاکستانی چوک سے 8سٹے باز گرفتارکر لیے گئے۔ملزمان کو چوک میں واقع گھر سے تاش پر جوا کھیلتے ہوئے موقع سے گرفتار کیاگیا۔

گرفتار ملزمان میں عادل، زبیر، غلام مرتضی، سمیع اللہ، سلمان، عامر، عبدالمجیداور عمر شامل ہیں۔ملزمان کے قبضہ سے دا پر لگی نقدی اور تاش برآمد کر کے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔صدر ڈویژن نوسربازوں کے خلاف متحرک، چوکی پنجاب سوسائٹی ستوکتلہ پولیس نے نوسر باز کوگرفتارکر لیا۔گرفتار ملزم کی شناخت محمد قاسم خان کے نام سے ہوئی۔

ملزم خود کو ایل ڈی اے کا ملازم بتاتا اور جھانسہ دیکر شہریوں سے نقد ی، موبائل لیکر رفو چکر ہو جاتا تھا۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ڈولفن سکواڈ کی لاہور شہر کو اسلحہ سے پاک کرنے کے لیے ٹارگٹڈ کارروائیاں جاری،اسلحہ کی نمودو نمائش و ہوائی فائرنگ میں ملوث26 ملزمان گرفتارکر لیے۔گرفتار ملزمان میں نوید، سنی، عدیل،باسط و دیگر شامل ہیں۔

ملزمان کے قبضہ سے 18 پستول، 8 رائفلیں، درجنوں گولیاں و میگزینز برآمدکی گئیں۔اسی طرح ڈولفن سکواڈنے کاہنہ کے علاقے سے 3 مشکوک ملزمان گرفتار کر لیے۔گرفتار ملزمان میں وکرم، راج اور عنصرشامل ہیں۔ تعاقب کے بعد ملزمان کو آصف ٹاون کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضہ سے موٹر سائیکل، 01 پستول، گولیاں و میگزینز برآمد کی گئی۔