وزیر آبپاشی خیبر پختونخواکا صوابی میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

مشکل کی اس گھڑی میں اپنی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، عاقب اللہ خان

منگل 19 اگست 2025 04:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے آبپاشی عاقب اللہ خان نے تحصیل ٹوپی کے علاقہ گدون کے گاؤں دالوڑی کا دورہ کیا جہاں حالیہ بارشوں اور قدرتی آفات سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی۔ صوبائی وزیر نے جان بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا اور متاثرین کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

وزیر آبپاشی نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو محکمہ آبپاشی میں فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کرنے کی ہدایات جاری کی تاکہ عوام کو کسی بھی مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔ اس مقصد کے لیے خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو متاثرہ علاقوں کی صورتحال کا قریب سے جائزہ لیں گی اور ریلیف و بحالی کے عمل کو یقینی بنائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو حکام پہلے ہی ہائی الرٹ ہیں اور تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

خیبر پختونخوا حکومت عوام کو مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ عاقب اللہ خان نے مزید کہا کہ انسانی جان کا کوئی نعم البدل نہیں ہو سکتا، تاہم حکومت متاثرہ خاندانوں کے نقصانات کے ازالے کے لیے تمام تر اقدامات اٹھائے گی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ ریلیف کی فراہمی اور بحالی کے اقدامات میں تیزی لائیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو جلد از جلد سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ صوبائی وزیر نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ حکومتی اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات مشترکہ امتحان ہوتی ہیں اور حکومت اپنے عوام کو ہرگز اکیلا نہیں چھوڑے گی۔

متعلقہ عنوان :