میکسیکو صدر شیئن باؤم امریکا پر انحصار کم کرنے کے لئے پر عزم

منگل 19 اگست 2025 09:00

میکسیکو سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) میکسیکو کی صدر کلاؤڈیا شیئن باؤم نے کہا ہے کہ ملک توانائی کے شعبے میں خود کفالت حاصل کرنے اور امریکا پر انحصار کم کرنے کے لیے مختلف راستوں پر غور کر رہا ہے۔شنہوا کے مطابق انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ میکسیکو اس وقت "انتہائی سستی" امریکی قدرتی گیس پر انحصار کر رہا ہے، تاہم مستقبل میں توانائی خود مختاری کی جانب بڑھنا ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ امریکا سے گیس درآمد کرنے کے بعض معاہدے 20 سال تک کی مدت پر مشتمل ہیں، جو قانونی طور پر پابند ہیں اور فوری طور پر ختم نہیں کیے جا سکتے۔صدر کے مطابق سرکاری تیل کمپنی پیٹرولیو میکسیکانوس (پی ایم ایکس) نے میکسیکن پیٹرولیم انسٹی ٹیوٹ کی سربراہی میں ایک ورکنگ گروپ تشکیل دیا ہے، جو ماحول دوست متبادل تلاش کرنے پر کام کر رہا ہے تاکہ توانائی کی خود کفالت کو تقویت دی جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ حتمی فیصلے عوامی مشاورت سے مشروط ہوں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ لینڈ فلز اور بایو ماس جیسے متبادل ذرائع سے میتھین کی پیداوار پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ ملکی پیداوار کو متنوع بنایا جا سکے۔