سرحدی تنازعے پر بھارت کے ساتھ تعمیری بات چیت جاری رکھنے کے لیے تیار ہیں،چین

منگل 19 اگست 2025 10:10

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) چین نے کہا ہے کہ وہ بھارت کے ساتھ سرحدی تنازعے پر مثبت اور تعمیری انداز میں بات چیت جاری رکھنے کے لیے تیار ہے تاکہ سرحدی علاقوں میں پائیدار امن و سکون کو مشترکہ طور پر یقینی بنایا جا سکے۔ سی جی ٹی این کے مطابق یہ بیان چینی وزارتِ خارجہ کی ترجمان مائو نِنگ نے پریس بریفنگ کے دوران دیا۔

انہوں نے کہاکہ چین وزیر خارجہ وانگ یی کے دورے کو ایک موقع کے طور پر دیکھتا ہے تاکہ بھارت کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاقِ رائے پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے، اعلیٰ سطحی روابط کی رفتار کو برقرار رکھا جائے، سیاسی باہمی اعتماد کو فروغ دیا جائے، عملی تعاون کو مضبوط کیا جائے، اختلافات کو مناسب طریقے سے حل کیا جائے اور چین بھارت تعلقات کی پائیدار، صحت مند اور مستحکم ترقی کو آگے بڑھایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سرحدی تنازعے پر دونوں ممالک کے خصوصی نمائندوں کے درمیان بات چیت ایک اعلیٰ سطحی چینل ہے، اس سلسلے میں گزشتہ دسمبر میں بیجنگ میں 23واں اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں سرحدی کنٹرول، طریقہ کار کی تشکیل اور سرحد پار تعاون جیسے اہم امور پر متعدد اتفاقات طے پائے تھے۔انہوں نے کہا کہ رواں برس کے آغاز سے اب تک دونوں ممالک نے سفارتی ذرائع سے مسلسل رابطہ رکھا ہے اور پچھلے طے شدہ معاہدوں پر عمل درآمد کو فعال انداز میں آگے بڑھایا ہے۔دورہ بھارت کے دوران وزیر خارجہ وانگ یی بھارتی ہم منصب ایس جے شنکر سے بھی دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔