جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر کگیسو ربادا ٹخنے کی انجری کے باعث آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے

منگل 19 اگست 2025 10:30

کیئرنز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر کگیسو ربادا ٹخنے کی انجری کے باعث آسٹریلیا کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق 30 سالہ ربادا کے ٹخنے کا اسکین کیا گیا جس میں انجری کی شدت کی تصدیق ہوئی۔ وہ آسٹریلیا میں ہی رہتے ہوئے جنوبی افریقہ کی میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں بحالی کے عمل سے گزریں گے۔

ٹیم مینجمنٹ نے کوینا ماپھاکا کو اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے، جو حالیہ ٹی 20 سیریز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر تھے۔

(جاری ہے)

ربادا کی عدم دستیابی اور مارکو جانسن انگوٹھے کی سرجری سے صحت یاب ہونے کے عمل میں ہونے کے باعث جنوبی افریقہ کے پاس فاسٹ بولنگ آپشنز میں نانڈرے برگر، لنگی نگیڈی اور ماپھاکا موجود ہیں جبکہ آل راؤنڈرز کوربن بوش اور ویان ملڈر بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ اسپن بولنگ میں کیشَو مہاراج، سینیوران متھوسامی اور پرینیلن سبرا ئین ٹیم کو دستیاب ہیں۔سیریز کا پہلا ون ڈے کیئرنز کے کزالیز اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے جبکہ اگلے دو میچز میکی کے گریٹ بیریئر ریف ایرینا میں ہوں گے۔ یاد رہے کہ آسٹریلیا نے ٹی20سیریز 1-2 سے جیت لی تھی۔

متعلقہ عنوان :