بنوں پولیس کا بیلی مون ہسپتال کے ساتھ معاہدہ، طبی سہولیات میں خصوصی رعایت

منگل 19 اگست 2025 13:52

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) بنوں پولیس اور بیلی مون ہسپتال بنوں کے مابین ایک اہم مفاہمتی یادداشت (ایم او یو ) پر دستخط کر دیئے گئے۔ترجمان ریجنل آفیسر بنوں کے مطابق معاہدہ کا مقصد پولیس اہلکاروں کے خاندانوں اور شہداء کے لواحقین کو صحت کی سہولیات میں خصوصی رعایات فراہم کرنا ہے۔اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر بنوں ریجن سجاد خان (پی ایس پی ) نے کہاکہ پولیس شہداء کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔

یہ معاہدہ اُن عظیم خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے ایک مثبت قدم ہے جنہوں نے ملک و قوم کی خاطر اپنے پیارے قربان کیے۔معاہدے کی تفصیلات کے تحت لیبارٹری اور ریڈیالوجی ٹیسٹ پر 35 فیصد رعایت،حاضر سروس پولیس فیملیز کے لیے بیڈ چارجز پر 25 فیصد رعایت،شہداء پولیس کے اہل خانہ کے لیے بیڈ چارجز پر 50 فیصد رعایت،او پی ڈی خدمات پر 25 فیصد رعایت،میڈیکل پروسیجرز اور آپریشنز پر 25 فیصد رعایت ہو گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بیلی مون ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر سہیل نے کہا کہ پولیس ہمارے محافظ ہیں، شہداء کے لواحقین کی خدمت کرنا ہمارا اخلاقی اور سماجی فریضہ ہے۔ اس معاہدے کے تحت ہم اُن خاندانوں کو بہترین صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔"یہ معاہدہ پولیس کے حاضر سروس اہلکاروں کے خاندانوں اور شہداء کے لواحقین کے ساتھ یکجہتی اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔