سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کا سیلابی ریلوں سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

منگل 19 اگست 2025 14:11

سپیکر  و  ڈپٹی  سپیکر  قومی اسمبلی کا سیلابی ریلوں سے قیمتی جانوں کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) سپیکر سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں سیلابی ریلوں سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ۔ سپیکر سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے اپنی ایک ایک ماہ کی تنخواہ سیلاب متاثرین کو دینے کا فیصلہ کیا ۔

منگل کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر نے کہا کہ مشکل وقت میں سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے پوری قوم کو آگے بڑھنا ہوگا۔متاثرین کی امداد اور بحالی قومی فریضہ ہے۔پاکستانی قوم ہمیشہ مشکل وقت میں بھائی چارے اور جذبہ ایثار کی مثال قائم کرتی ہے۔

(جاری ہے)

سیلاب متاثرین ہماری اجتماعی توجہ اور عملی مدد کے منتظر ہیں۔

ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ وہ بڑھ چڑھ کا سیلاب متاثرین کی بحالی اور امداد کیلئے آگے بڑھے، ہمارے بھائی اور بہنیں اس وقت مشکل اور کرب سے گزر رہے ہیں، جن کے پیاروں کی لاشیں ابھی تک نہیں ملی ان کے دکھوں کا مداوا مشکل ہے، بونیر میں خاندانوں کے خاندان اجڑ گئے ہیں، میری دلی ہمدردیاں انکے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔سپیکر سردار ایاز صادق نے سیلابی ریلے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی کیلئے دعا بھی کی۔