آزاد کشمیر حکومت اس کڑے وقت میں متاثرہ خاندانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،چوہدری عامر یاسین

منگل 19 اگست 2025 17:06

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء)وزیر برائے اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (SDMA) چوہدری عامر یاسین نے آزاد جموں و کشمیر (AJK) اور خیبر پختونخوا (KPK) میں حالیہ شدید موسم کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور املاک کو پہنچنے والے نقصانات پر گہرے رنج و غم اور دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔چوہدری عامر یاسین نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس کڑے وقت میں متاثرہ خاندانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے ایس ڈی ایم اے کے تمام متعلقہ اداروں اور فیلڈ فارمیشنز کو آئندہ متوقع سخت موسمی حالات کے پیشِ نظر ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی۔وزیرحکومت نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو سروسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ اور ہم آہنگی،نشیبی اور حساس علاقوں سے بروقت انخلاء کی حکمت عملی،بھاری مشینری اور ایمرجنسی آلات کو ہمہ وقت تیار رکھنے،عوامی آگاہی مہمات خصوصاً سیاحوں کو خطرناک یا کچے راستوں کی جانب سفر سے اجتناب کی ہدایت،صورتحال کی باقاعدہ نگرانی اور ایس ڈی ایم اے کنٹرول روم کو بروقت رپورٹنگ کی ہدایا ت کی ہیں۔

(جاری ہے)

چوہدری عامر یاسین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت انسانی جانوں اور املاک کے مزید نقصان کو کم سے کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مشکل گھڑی میں انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔