فلسطین کے لئے آسٹریلوی مندوبین کے ویزے منسوخ کرنے کا اسرائیلی فیصلہ غیر منصفانہ قرار

منگل 19 اگست 2025 17:06

کینبرا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء)آسٹریلیا نے کہا ہے کہ فلسطین کے لئے آسٹریلوی مندوبین کے ویزے منسوخ کرنے کا اسرائیلی فیصلہ غیر منصفانہ ہے۔ چینی میڈیا کے مطابق یہ بات آسٹریلیا کے خارجہ امور کی وزیر پینی وونگ نے اسرائیلی وزیر خارجہ گیڈون ساعر کی جانب سے جاری بیان کے ردعمل میں کہی۔

(جاری ہے)

اسرائیلی وزیر خارجہ گیڈون سارنے ایک پوسٹ میں کہا کہ انہوں نے فلسطین کے لئے آسٹریلوی مندوبین کے ویزے منسوخ کر دیئے ہیں اور کینبرا میں اسرائیلی سفارت خانے کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسرائیل میں داخلے کے لئے آسٹریلیا کے کسی بھی سرکاری عہدیدار کے ویزا کی درخواست کا بغور جائزہ لیں۔

اسرائیلی وزیر نے کہا کہ ویزوں کو منسوخ کرنے کا فیصلہ اس وقت کیا گیا جب اگست کے شروع میں آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی البانیزنے اعلان کیا تھا کہ آسٹریلیا ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس میں فلسطین کو باضابطہ طور پر تسلیم کرے گا۔اس بیان کے جواب میں آسٹریلوی وزیر خارجہ نے کہا کہ آسٹریلیا کی طرف سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے فیصلے کے بعد آسٹریلوی نمائندوں کے ویزوں کو منسوخ کرنے کا اسرائیلی فیصلہ غیر منصفانہ ردعمل ہے۔