غزہ سے بیمار اور زخمی بچوں کو علاج کیلئے برطانیہ لانے کا اعلان

ڈاکٹرجن بچوں کو علاج کے لیے برطانیہ بھیجنے کا انتخاب کریں گے، ادارہ ان کے اس فیصلے کی توثیق کرے گا،اقوام متحدہ

منگل 19 اگست 2025 17:20

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء)غزہ سے بیمار اور زخمی بچوں کا پہلا گروپ برطانیہ میں علاج کے لیے لانے کا فیصلہ کر لیا گیا، پہلے مرحلے میں 30 سے 50 شدید بیمار اور زخمی فلسطینی بچوں کو برطانیہ منتقل کیا جائے گا۔یہ غزہ سے آنے والے بچوں کا پہلا گروپ ہوگا جسے دفتر خارجہ، ہوم آفس اور محکمہ صحت کے تعاون سے چلائے جانے والے حکومتی آپریشن کے حصے کے طور پر علاج کے لیے برطانیہ لایا جائے گا۔

(جاری ہے)

عالمی ادارہ صحت کی جانب سے اس فیصلے کا حق حماس کے زیرانتظام وزارت صحت کے لیے کام کرنے والے ڈاکٹروں کو دیا گیا ہے کہ وہ جن بچوں کو علاج کے لیے برطانیہ بھیجنے کا انتخاب کریں گے، ادارہ ان کے اس فیصلے کی توثیق کرے گا۔خیال رہے کہ برطانیہ کے کچھ ارکان پارلیمنٹ نے حکومت کو خط لکھ کر غزہ سے بیمار اور زخمی بچوں کو بغیر کسی تاخیر کے برطانیہ لانے پر زور دیا تھا۔گزشتہ ہفتے ایک خط میں 96 ارکان پارلیمنٹ کے ایک گروپ نے متنبہ کیا تھا کہ غزہ میں صحت کا نظام تباہی کا شکار ہو چکا ہے جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں بیمار اور زخمی بچوں کی ہلاکت کا خدشہ ہے اور ایسے میں انخلا میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر ختم کیا جانا چاہئے۔