زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے بزنس انکوبیشن سنٹر کی جانب سے ”مستحکم سمال میڈیم انٹرپرائز ڈویلپمنٹ“کے موضوع پر ایک تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

منگل 19 اگست 2025 18:47

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے بزنس انکوبیشن سنٹر کی جانب سے ”مستحکم سمال میڈیم انٹرپرائز ڈویلپمنٹ“کے موضوع پر ایک تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ اسٹریٹجک مینجمنٹ کے ماہر ڈاکٹر سرفراز احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار معاشی ترقی اور تخفیف غربت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے نوجوان کاروباری افراد پر زور دیا کہ وہ پائیدار کاروباری ماڈل کے لیے مناسب منصوبہ بندی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کاروباری افراد کو تنقیدی سوچ اپناتے ہوئے جدید اختراعات پر مبنی کاروبار کا آغاز کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل ملک کی سماجی و معاشی حالت کو بہتر بنانے میں نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ جدت پر مبنی کاروباری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں کامیاب کاروباری ماڈلز میں تبدیل کرنے کے لیے بزنس انکوبیشن سنٹر بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور کا تقاضا ہے کہ نوجوان کاروباری افراد کو رہنمائی، تربیت اور بہترین دستیاب وسائل فراہم کیے جائیں تاکہ ایک روشن مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس موقع پر ماہرین، فیکلٹی ممبران اور نوجوان کاروباری افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔