لیسکو کے ہر کارکن کی زندگی قیمتی اثاثہ ،ادارہ ان کی سلامتی کو سب سے زیادہ مقدم رکھتا ہے،سی ای او لیسکو

منگل 19 اگست 2025 19:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا ہے کہ لیسکو کے ہر کارکن کی زندگی قیمتی اثاثہ ہے اور ادارہ ان کی سلامتی کو سب سے زیادہ مقدم رکھتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز ایسٹرن سرکل میں منعقدہ سیفٹی آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

چیف ایگزیکٹو لیسکو نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیفٹی صرف ایک ہدایت نامہ نہیں بلکہ ایک ایسا عہد ہے جو ہر ملازم کی زندگی اور صحت کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا کہ لائن اسٹاف کو چاہیے کہ وہ ہر کام کے آغاز سے پہلے حفاظتی اصولوں کو یقینی بنائیں اور کسی بھی مرحلے پر غیر ذمہ داری یا غفلت نہ برتیں۔ انہوں نے کہا کہ سیفٹی کلچر کی مضبوطی سے نہ صرف ملازمین کی زندگیاں محفوظ ہوں گی بلکہ عوام کو بھی بہتر اور محفوظ سروس فراہم کی جا سکے گی۔

چیف ایگزیکٹو لیسکو نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ہر ٹیم کو سیفٹی آلات کی فراہمی یقینی بنائیں اور اس حوالے سے باقاعدہ تربیت کا سلسلہ جاری رکھیں۔سیمینار میں ڈی جی ایمپلیمنٹیشن رائے محمد اصغر، ڈائریکٹر سیفٹی فواد خالد، ایس ای ایسٹرن سرکل، ایکسینز، ایس ڈی اوز اور آپریشنل اسٹاف کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :