گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری کا رات بھر بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

بدھ 20 اگست 2025 17:35

گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری کا رات بھر بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے شہر قائد میں حالیہ بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ساری رات متاثرہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور متاثرہ شہریوں میں امدادی سامان تقسیم کیا۔گورنر سندھ کی ہدایت پر یوسف گوٹھ اور دیگر متاثرہ علاقوں میں گھروں میں محصور مکینوں کو کھانا اور بنیادی ضروریات کی اشیاء فراہم کیں۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ "مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ریاست اور عوامی نمائندوں کا فرض ہے کہ وہ ہر لمحہ عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں"۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار نے ناتھا خان کے مقام پر ٹریفک میں پھنسے شہریوں میں پانی تقسیم کیا اور ان کی مشکلات سنی۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے اپنی گاڑیوں کے ذریعے متاثرہ فیملیز کو ریسکیو بھی کیا۔بعدازاں میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ نے کہا کہ شاہراہِ فیصل پر گھنٹوں ٹریفک جام رہا، ناتھا خان کے مقام پر ہزاروں گاڑیاں بند رہیں جبکہ سینکڑوں شہری رات بھر گاڑیوں میں محصور رہے۔ انہوں نے اس صورتحال کو کراچی کی تاریخ کا ایک سیاہ دن قرار دیا اور بتایا کہ "تاجروں کو اربوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہی"۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ "ہم نے اپنی گاڑیوں کے ذریعے متاثرہ فیملیز کو ریسکیو کیا اور یوسف گوٹھ میں گھروں تک کھانا پہنچایا۔ تین دن تک میئر کراچی پر کوئی تنقید نہیں کریں گے، اس وقت سب کو مل کر عوامی خدمت کرنی ہوگی"۔شہریوں کی فوری مدد کے لئے گورنر ہاؤس میں رین ایمرجنسی سیل قائم کردیا گیا ہے۔ گورنر سندھ نے عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں براہِ راست ہیلپ لائن 1366 پر رابطہ کریں تاکہ بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔