کنگ سلمان ریلیف نے خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرہ خاندانوں کے لیے بڑا امدادی قافلہ روانہ کر دیا

بدھ 20 اگست 2025 18:44

کنگ سلمان ریلیف نے خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرہ خاندانوں کے لیے بڑا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اگست2025ء)کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے خیبر پختونخوا میں حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے ایک بڑے پیمانے پر ہنگامی امدادی قافلہ روانہ کر دیا ہے۔اس موقع پر تقریب میں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر، عزت مآب نوّاف بن سعید المالکی، وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ جناب رانا ثنائ اللہ خان ، کنگ سلمان ریلیف پاکستان کے ڈائریکٹر، جناب عبداللہ البقمی کے ہمراہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، خیبر پختونخوا کے نمائندے اور قومی و بین الاقوامی میڈیا کے اراکین نے شرکت کی۔

امدادی قافلے میں 10,000 شیلٹر این ایف آئی کٹس اور 10,000 فوڈ پیکجز شامل ہیں۔ ہر شیلٹر کٹ میں شیلٹر،سولر پینل بمع ایل ای ڈی لائٹس، دو گرم کمبل، پلاسٹک چٹائیاں، پائیدار کچن سیٹ، پانی کے کولر اور اینٹی بیکٹیریل صابن شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ہر فوڈ پیکج کا وزن 95 کلوگرام ہے، جس میں آٹا، چینی، دالیں اور خوردنی تیل شامل ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کی فوری غذائی ضروریات پوری کی جا سکیں۔

امدادی سامان کی تقسیم نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ، ریلیف، بحالی و آبادکاری ڈپارٹمنٹ اور کنگ سلمان ریلیف کے نفاذی شراکت دار حیات فاؤنڈیشن اور پیس اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے تعاون سے کی جائے گی، تاکہ شفاف اور بروقت امداد سب سے زیادہ متاثرہ خاندانوں تک پہنچ سکے۔یہ اقدام مملکتِ سعودی عرب کی پاکستان کے ساتھ انسانی ہمدردی اور تعاون کے تسلسل کی عکاسی کرتا ہے۔

کنگ سلمان ریلیف نے گزشتہ برسوں میں پاکستان میں خوراک، صحت، شیلٹر، تعلیم اور آفات سے نمٹنے کے شعبوں میں بے شمار منصوبے کامیابی سے مکمل کیے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔اس قافلے کی روانگی دونوں ممالک کی اس دیرینہ شراکت داری کا ایک اور سنگ میل ہے، جو خیبر پختونخوا میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کرے گا۔