ایف آئی اے فیصل آباد نے عمرے کی آڑ میں معصوم شہریوں سے منشیات اسمگلنگ کروانے والے گروہ کا مرکزی ملزم گرفتار کرلیا

منگل 19 اگست 2025 20:55

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) ایف آئی اے فیصل آباد نے عمرے کی آڑ میں معصوم شہریوں سے منشیات اسمگلنگ کروانے والے گروہ کا مرکزی ملزم گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد نے کارروائی کرکے انسانی اسمگلنگ اور منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث منظم گروہ کے مرکزی ملزم شاہ صدام حسین کو گرفتار کر لیا۔

حکام نے بتایا کہ ملزم کو ضمانت قبل از گرفتاری منسوخ ہونے پر گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملزم نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر 5 افراد پر مشتمل ایک خاندان کو عمرہ ویزا پر سعودی عرب بھجوایا۔ملزمان کی جانب سے متاثرہ خاندان کو مفت عمرہ کا جھانسہ دیا گیا۔ ملزمان کی جانب سے متاثرہ خاندان کو ایک بیگ سعودی عرب پہنچانے کے لیے دیا گیا۔مذکورہ بیگ میں ملزم نے منشیات (آئس) چھپائی ہوئی تھی۔سعودی حکام نے بیگ چیک کرنے پر منشیات برآمد کر لی، جس کے نتیجے میں پورے خاندان کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ دیگر ملوث افراد کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار کاروائیاں جاری ہیں۔