وائس چانسلر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے زیر صدارت کے آئی یوگریجویٹ سکول کے جائزہ اجلاس کا انعقاد

منگل 19 اگست 2025 21:29

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی نے قراقرم گریجویٹ سکول (KGS) کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اہم جائزہ اجلاس منعقد کیا۔شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق اجلاس کی صدارت وائس چانسلر کے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے کی۔اجلاس میں ڈینز، ڈائریکٹرز، ہیڈز آف ڈیپارٹمنٹس اور قراقرم گریجویٹ سکول کے ڈائریکٹر سمیت دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔

اجلاس میں KGS کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا،جس میں تعلیمی ترقی، تحقیقی اقدامات اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر کے جی ایس ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر اسد اللہ نے گریجویٹ سکول کی کامیابیوں کا جامع جائزہ پیش کیا،جس میں بین الضابطہ اعلیٰ تعلیم و تحقیق میں سکول کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وائس چانسلر کے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے قراقرم گریجویٹ سکول میں مزید جدید تقاضو ں کو مد نظر رکھتے ہوئے تحقیق اور اعلیٰ تعلیم کے مرکز میں تبدیل کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے قومی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون کو مضبوط کرنے، تکنیکی وسائل کو بڑھانے اور عالمی تعلیمی معیارات کے مطابق گریجویٹ پروگرامز کو مزید وسعت دینے کے منصوبوں سے متعلق آگاہ کیا۔ وائس چانسلر نے جامعہ کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے اور معیاری تعلیم و تحقیق کو ترجیح دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :