مکران ڈویژن میں مون سون شجرکاری مہم 2025 کا باضابطہ آغاز کردیا گیا

منگل 19 اگست 2025 20:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) مکران ڈویژن میں مون سون شجرکاری مہم 2025 کا باضابطہ آغاز کردیا گیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے ڈپٹی کمشنر آفس تربت میں پودا لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔اس موقع پر مختلف محکموں کے افسران نے بھی شجرکاری میں حصہ لیا، جن میں محکمہ حیوانات کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد حنیف، ایگریکلچر مارکیٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر محبوب علی، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ایگزیکٹیو انجینئر حاجی خالد بلوچ، ایگزیکٹیو انجینئر ایریگیشن عدیل فیض، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن تربت شعیب ناصر، سینئر اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کیچ زاہد عمر بلوچ، ایگزیکٹو انجینئر بی اینڈ آر گل محمد بلوچ سمیت دیگر افسران شامل تھے۔

اس دوران تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کیچ نے کہا کہ آنے والی نسلوں کو صحت مند اور سرسبز ماحول فراہم کرنے کے لیے شجرکاری نہایت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ شجرکاری کے بغیر ممکن نہیں، اس لیے ہر شہری کو اس قومی فریضے میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔مہم کے تحت مکران ڈویژن کے تینوں اضلاع، کیچ، گوادر اور پنجگور میں ہزاروں پودے سرکاری دفاتر، تعلیمی اداروں، پارکوں اور دیہی علاقوں میں لگائے جائیں گے۔

یہ مہم ’’کلین اینڈ گرین بلوچستان‘‘ پروگرام کا حصہ ہے جس میں تمام محکمے براہ راست شریک ہوں گے۔جنگلات کے کنزرویٹر عبدالوحید بلوچ، ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر نصرت بلوچ اور وائلڈ لائف کیچ کے اہلکاروں نے بھی مہم میں فعال کردار ادا کیا۔ کمشنر مکران قادر بخش پرکانی نے اپنے پیغام میں ہدایت دی کہ تمام سرکاری ادارے شجرکاری کو یقینی بنائیں اور لگائے گئے پودوں کی باقاعدہ نگہداشت کریں تاکہ یہ ماحول دوست اقدام دیرپا نتائج دے سکے۔تقریب کے اختتام پر عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ گھروں، دفاتر، سکولوں اور دیہات میں پودے لگائیں اور اس عمل کو صدقہ جاریہ سمجھتے ہوئے سرسبز بلوچستان کی تعمیر میں حصہ ڈالیں۔

متعلقہ عنوان :