Live Updates

ای سی سی نے سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے 5.8 ارب روپے کا ریلیف پیکیج منظور کر لیا

منگل 19 اگست 2025 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء)ای سی سی نے مون سون بارشوں ،سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے 5.8 ارب روپے کا ریلیف پیکیج منظور کر لیا ۔منگل کو وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں این ڈی ایم اے کو فوری طور پر 4 ارب روپے جاری کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ، وزارت خزانہ کے مطابق امداد کا مقصد بارشوں کے متاثرین کی مشکلات میں کمی لانا ہے۔

ای سی سی نے ملک بھر میں فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے یکساں اطلاق کی منظوری دی جبکہ وزیراعظم کے فین ریپلیسمنٹ پروگرام کیلئے 2 ارب روپے کی گرانٹ بھی منظور کر لی گئی۔وزارت خزانہ کے مطابق وزیراعظم کے فین ریپلیسمنٹ پروگرام کا جلد اجرا کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اسٹیٹ بینک، نیکا، کمرشل بینکوں کے درمیان معاہدے کی ٹرم شیٹ کی منظوری بھی دیدی گئی۔

ای سی سی اعلامئے کے مطابق نیشنل سیکیورٹی ڈویڑن کیلئے 25 کروڑ کی گرانٹ منظور کر لی گئی ،فنڈز اسٹریٹجک پالیسی پلاننگ سیل پر خرچ کئے جائیں گے، اس حوالے سے باقی ماندہ رقم مرحلہ وار جاری کی جائے گی۔راست کیو آر کوڈ پر مبنی ادائیگیوں کیلئے 3.5 ارب روپے کی گرانٹ منظور کی گئی ہے ، یہ سبسڈی سکیم آئندہ تین سال کیلئے جاری رکھنے کا فیصلہ ہوگیا۔سٹیٹ بینک کو سکیم سے متعلق نوٹیفکیشن فوری جاری کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔ای سی سی نے ملک میں ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کیلئے اقدامات کی ہدایت کردی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات