ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سے نیپال کے پارلیمانی وفد کی ملاقات، پارلیمانی، اقتصادی تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

پارلیمانی رابطے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور دونوں ممالک کو مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، سید غلام مصطفی شاہ

بدھ 20 اگست 2025 06:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء)ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ سے منگل کو نیپال کے پارلیمانی وفد نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ پارلیمانی، اقتصادی تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے وفد کا پارلیمنٹ ہاؤس میں خیر مقدم کیا۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ پاکستان نیپال کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔

ڈپٹی سپیکر نے دونوں ممالک میں پارلیمانی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پارلیمانی رابطے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور دونوں ممالک کو مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ قومی اسمبلی آف پاکستان میں پاک۔نیپال فرینڈشپ گروپ قائم کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پارلیمانی فرینڈشپ گروپ دونوں ممالک میں رابطوں کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

دونوں ممالک میں سیاحت اور دیگر اقتصادی شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔قومی اسمبلی آف پاکستان میں خواتین اراکینِ پارلیمنٹ پر مشتمل ویمن پارلیمنٹری کاکس تشکیل دیا گیا ہے۔ویمن پارلیمنٹری کاکس خواتین کو بااختیار بنانے، ان کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کیلئے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ موسمیاتی تبدیلی پاکستان سمیت خطے کے دیگر ممالک کے لیے بڑا چیلنج ہے۔

حالیہ مون سون میں پاکستان میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ پاکستان 2022 سے مسلسل موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ہو رہا ہے۔ وفد کے اراکین نے پاکستان میں کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب سے قیمتی جانی و مالی نقصانات پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ وفد نے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کو 78ویں یومِ آزادی کی مبارکباد دی اور کہا کہ نیپال پاکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔عوامی سطح پر رابطے دونوں اقوام کو قریب لانے میں کلیدی اہمیت کے حامل ہیں۔نیپال کے وفد کے اراکین نے پرتپاک استقبال پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔