ناسا کا سیارہ یورینس کا29واں چاند دریافت کرنے کا اعلان

بدھ 20 اگست 2025 10:40

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) امریکی خلائی ادارے ناسا نے اعلان کیا ہے کہ جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ نے سیارہ یورینس کے گرد ایک نیا چاند دریافت کیا ہے، جو سیارے کا 29واں چاند ہے اور اسے ایس 2025 یو ون کا نام دیا گیا ہے۔اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ نے ناسا کے حوالے سے بتایا کہ ساؤتھ ویسٹ ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی قیادت میں کام کرنے والی ایک ٹیم نے یہ نیا چاند 2 فروری 2025 کو ویب ٹیلی اسکوپ کی مشاہداتی مہم کے دوران دریافت کیا جس سے یورینس کے معلوم چاندوں کی تعداد 29 ہو گئی۔

(جاری ہے)

اس نئے چاند کا قطر اندازاً صرف 10 کلومیٹر ہے اور اس کی کم جسامت کی وجہ سے وائیجر2 اسپیس کرافٹ اسے 1986 میں اپنے مشاہدے کے دوران نہیں دیکھ سکا تھا۔ساؤتھ ویسٹ ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے سولر سسٹم سائنس اینڈ ایکسپلوریشن ڈویژن کی سائنسدان میریام ایل موتامید نے کہا کہ یہ ایک چھوٹا سا چاند ہے لیکن ایک اہم دریافت ہے، جسے ناسا کا وائیجر2 بھی تقریباً 40 سال قبل اپنے فلائی بائی کے دوران دیکھنے میں ناکام رہا۔ ایس2025 یو ون یورینس کے گرد تقریباً 56,000 کلومیٹر کے فاصلے پر مدار میں گردش کر رہا ہے اور اسے آئندہ کسی مرحلے پر باضابطہ نام دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :