ایتھو جبوتی ٹرانسپورٹ کوریڈور کے اہم پراجیکٹ میسو دیری داوا ایکسپریس وے کی تعمیر کا آغاز

بدھ 20 اگست 2025 10:50

ادیس ابابا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) مشرقی ایتھوپیا کے شہر دیری داوا میں میسو-دیری داوا ایکسپریس وے کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا جو ایتھو جبوتی ٹرانسپورٹ کوریڈور کاایک اہم انفراسٹرکچر منصوبہ ہے۔شینہوا کی رپورٹ کے مطابق افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایتھوپیا کے نائب وزیراعظم تیماسگن تیرونے نے کہا کہ مضبوط سڑکوں کا انفراسٹرکچر ملک کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے ایک اہم محرک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا جیسے ترقی پذیر ممالک کے لیے سڑکوں کا انفراسٹرکچر شہریوں کی زندگی کے معیار کو بہتر بنانے اور معیشت کو آگے بڑھانے کے لیے ناگزیر ہے، آج میسو-دیری داوا ایکسپریس وے منصوبے کا آغاز حکومت ایتھوپیا کے ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

ایتھوپیا میں 90 فیصد سے زائد اشیاء اور افراد کی نقل و حرکت سڑکوں کے ذریعے ہوتی ہے، یہ ایکسپریس وے اورومیا اور صومالی ریجنز کو دیری داوا شہر سے جوڑتا ہے جس سے علاقائی و سماجی روابط اور معاشی و سیاسی تعاون کو فروغ ملے گا۔

یہ منصوبہ چائنا سول انجینئرنگ کنسٹرکشن کارپوریشن اور سچوان روڈ اینڈ برج گروپ کے اشتراک سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔ اس کی کل لمبائی 144 کلومیٹر ہے اور اسے دو مراحل میں مکمل کیا جائے گا، منصوبے کے 48 ماہ میں مکمل ہونے کا امکان ہے۔سی سی ای سی کے جنرل مینیجر چن سِچانگ نے کہا کہ یہ ایکسپریس وے نہ صرف مشرقی افریقہ میں روابط کو بہتر بنانے اور ایتھوپیا کی معاشی و سماجی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے اہم ہے بلکہ چین-ایتھوپیا تعاون، مشترکہ ترقی اور خوشحالی کی ایک روشن مثال بھی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے کے لیے 75 فیصد افرادی قوت مقامی علاقوں سے لی جائے گی، جبکہ "مینٹورشپ اور ٹریننگ پروگرام" کے ذریعے چینی انجینئرز ایتھوپیائی انجینئرز کو جدید عالمی انجینئرنگ ٹیکنالوجی سکھائیں گے تاکہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں پائیدار مقامی افرادی قوت تیار ہو سکے۔ایتھوپیا نے حالیہ برسوں میں اپنی ٹرانسپورٹیشن کا ڈھانچہ مسلسل بہتر کیا ہے۔ ایک بڑا ہدف یہ ہے کہ آئندہ دہائی میں علاقائی دارالحکومتوں اور لاجسٹک مراکز سے بندرگاہ تک سفر کا وقت صرف ایک دن رہ جائے اور اس تناظر میں میسو-دیری داوا ایکسپریس وے کو ایتھو-جبوتی ٹرانسپورٹ کوریڈور کے لیے کلیدی حیثیت حاصل ہے۔