ایم ڈی واساکی شہر بھر میں غیرقانونی کنکشن منقطع کرنے کی ہدایت

بدھ 20 اگست 2025 12:16

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) منیجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ نے شہر بھر میں غیرقانونی کنکشن منقطع کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں جس کے تحت صنعتی، کمرشل اور گھریلو غیر قانونی کنکشن منقطع کرنے کےلئے ایسٹ اور ویسٹ زون میں خصوصی سکواڈز تشکیل دے دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ایسے صارفین جو واسا کے پاس رجسٹرڈ نہیں ہیں لیکن وہ واسا کی نکاسی و فراہمی کی سروسز استعمال کر رہے ہیں ایسے غیر قانونی کنکشن رکھنے والے صارفین کے خلاف کارروائی کرنے کا پلان تشکیل دیا گیا ہے جس کے تحت غیرقانونی کنکشن منقطع کرنے کے لئے خصوصی سکواڈز قائم کئے گئے ہیں۔

اس ضمن میں ایم ڈی واسانے واضح کیا کہ ریونیو ریکوری مہم میں بھی تیزی لانے کیلئے جامع اقدامات کئے جا رہے ہیں جس کے تحت کسی کو بھی غیرقانونی طریقے سے واسا سروسز استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے صارفین جو اپنا ماہانہ بل جمع نہیں کرواتے ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔