مہران یونیورسٹی جامشورو میں مہران یونیورسٹی المنائی ایسوسیئیشن نارتھ امریکا چیپٹر کے تعاون سے آرٹیفیشل انٹیلیجنس لیبارٹری قائم

بدھ 20 اگست 2025 17:33

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو میں مہران یونیورسٹی المنائی ایسوسیئیشن نارتھ امریکا چیپٹر کے تعاون سے مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلیجنس) کی جدید لیبارٹری قائم کر دی گئی ہے ۔ لیبارٹری کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طحٰہ حسین علی، مہران یونیورسٹی المنائی ایسوسیئیشن کے صدر انجینئر طفیل میمن، سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی اور طلبہ نے مشترکہ طور پر کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر طحٰہ حسین علی نے بتایا کہ امریکا میں مقیم مہران یونیورسٹی کے المنائی نے 60 لاکھ روپے فنڈ فراہم کیا، جس کی مدد سے یہ جدید لیبارٹری قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی ترقی اور نئے منصوبوں کے لیے المنائی اب سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں، اور انہیں چاہیے کہ اپنی مادرِ علمی کی ترقی کے لیے رہنما کردار ادا کریں۔ افتتاحی تقریب میں مہران یونیورسٹی المنائی ایسوسیئیشن کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر نصراللہ پیرزادہ، ڈین فیکلٹی پروفیسر ڈاکٹر اشفاق ہاشمانی، انجینئر جواد منگریو اور دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :