بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن، راولپنڈی نے امتحان نہم سالانہ 2025ء کے نتائج کا اعلان

بدھ 20 اگست 2025 18:19

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن، راولپنڈی نے امتحان نہم سالانہ 2025ء کے نتائج کا اعلان کردیاگیا۔تقریب میں چیئرمین تعلیمی بورڈ، راولپنڈی محمد عدنان خان، کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان،سیکرٹری بورڈ پروفیسر امجد اقبال خٹک، سمیت بورڈ کے دیگر اعلیٰ افسران شریک تھے۔

نتائج کے مطابق امتحان نہم سالانہ 2025ء میں کل 128453 اُمیدواران نے داخلہ جمع کرایا جن میں سے 125989 اُمیدواران امتحان میں شامل ہوئے۔ کامیاب ہونے والے اُمیدواروں کی تعداد 53657 رہی، یوں کامیابی کا تناسب 42.06 فیصد رہا، جبکہ 72312 اُمیدوار امتحان میں ناکام رہے۔ مزید برآں 2055 اُمیدوار امتحان میں غیر حاضر رہے اور 409 داخلہ فارم مختلف وجوہات کی بنیاد پر منسوخ کیے گئے۔

(جاری ہے)

امتحان میں شریک اُمیدواران میں طلباء کی تعداد 62332 اور طالبات کی تعداد 63357 رہی، جو تعلیمی میدان میں طالبات کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور شمولیت کی عکاس ہے۔چیئرمین تعلیمی بورڈ، راولپنڈی محمد عدنان خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کنٹرولر امتحانات اور ان کی ٹیم کو امتحانات کے شفاف انعقاد اور بروقت نتائج کی اشاعت پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا''میں کنٹرولر امتحانات، سیکرٹری بورڈ، تمام افسران و ملازمین کو اُن کی شب و روز کی محنت، دیانت داری، اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو احسن انداز میں نبھانے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

بورڈ کی کارکردگی نے نہ صرف شفافیت کو یقینی بنایا بلکہ دیگر بورڈز کے لیے بھی ایک مثال قائم کی۔ میری کوشش ہو گی کہ آئندہ امتحانات میں بھی بورڈ آف راولپنڈی، اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے، مزید بہتری اور ترقی کی جانب گامزن رہے۔چیئرمین نے مزید کہا کہ بورڈ کی نیک نامی اور وقار ہم سب کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے اور ہمیں اس ادارے کو مزید بلند مقام تک پہنچانے کے لیے بھرپور عزم و عمل کے ساتھ کام کرنا ہو گا۔\378