لوئر جنوبی وزیرستان ، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی میں مثبت تبدیلیاں

بدھ 20 اگست 2025 23:09

وانا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء)ضلع لوئر جنوبی وزیرستان میں 6ویں ڈی ایچ او کانفرنس کی تہلکہ خیز رپورٹ نے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کے کئی پوشیدہ پہلو عیاں کر دیئے۔رپورٹ کے مطابق او پی ڈی کی کارکردگی گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 80فیصد تک جا پہنچی، جسے اب تک کا سب سے بہتر رزلٹ قرار دیا گیا۔ایکیوپمنٹ میں 11فیصد بہتری اور ڈاکٹرز کی حاضری میں 50فیصد کامیابی کو بھی قابل تعریف قرار دیا گیا۔

(جاری ہے)

سب سے بڑا انکشاف تب سامنے آیا جب ڈی ایچ او ڈاکٹر عدنان نے میڈیا کو بتایا کہ وزیر بیلٹ کیلئے میڈیسن کی مد میں اس سال زیرو فیصد بجٹ رکھا گیا ہے، جو عوام کے ساتھ کھلا مذاق ہے ڈاکٹر عدنان نے بتایا کہ ضلع میں رجسٹرڈ 126ایل ایچ ڈبلیو(لیڈی ہیلتھ ورکرز)میں سے صرف 26تربیت یافتہ ہیں، جبکہ باقی کاغذوں کی حد تک موجود اور ڈیوٹی سے غائب ہیں۔اس جعلسازی اور غفلت کے نتیجے میں تقریبا 100ایل ایچ ڈبلیو کو فارغ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ڈاکٹر عدنان نے بتایا کہ ضلع لوئر وزیرستان کے تمام سرکاری ہیلتھ سنٹرز کو فعال بنایا جائے گا اور جو ملازمین ڈیوٹی نہیں کریں گے ان کے ساتھ کسی قسم کا کمپرومائز نہیں ہوگا۔